• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر پر حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں، سرا ج الحق


امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا کہ گزشتہ 75 سالوں سے کشمیری قوم آزادی کے لیے تڑپ رہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نسل کشی کر رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کی بنیادی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی فیصلے پر کوئی ردِعمل نہیں دیا، حکومت مسئلہ کشمیر پر او آئی سی کا اجلاس بلانے میں ناکام رہی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے، 18 ہزار سے زیادہ کشمیری نوجوان جیلوں میں ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر پر اپنی گرفت مضبوط کرلی، یہی صورتحال رہی تو مقبوضہ کشمیر میں کچھ عرصہ بعد مسلمان اقلیت میں ہوں گے۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ ہماری حکومت آج بھی امریکا کی طرف دیکھ رہی ہے، پاکستان نے افغانستان کے مسئلے پر او آئی سی اجلاس بلایا تو مسئلہ کشمیر پر بھی بلائے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں تحریک انصاف نے مسئلہ کشمیر پر ایک اجلاس نہیں بلایا، حکومت کے پاس مسئلہ کشمیر سے متعلق کوئی پالیسی ہی نہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ سو رہی ہے، سلامتی کونسل کو اپنی قراردادوں کو عملی جامہ پہنانا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی اصولوں کے مطابق بھارت پر پابندی لگا کر دہشت گرد ملک قرار دیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید