امریکا نے ایران کے سول جوہری پروگرام پر عائد پابندیاں اٹھالیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ صرف ایران کے سول جوہری پروگرام پر پابندیاں ختم کی ہیں، ایران پر عائد دیگر پابندیاں برقرار ہیں، جبکہ ایران نے پابندیاں ختم کرنے کے امریکی اقدام کو اچھا لیکن ناکافی قرار دیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان کا کہنا ہے کہ الفاظ کے حقیقی معنوں میں کچھ پابندیوں کا ہٹانا امریکا کی نیک خواہشات کا ترجمہ کر سکتا ہے تاہم کاغذوں پر جو کچھ ہوتا ہے وہ اچھا ہوتا ہے لیکن کافی نہیں ہوتا۔
امریکا نے جوہری معاہدے کی ازسرِنو بحالی کے سلسلے میں ایرانی سول جوہری پروگرام پر پابندیاں ختم کی ہیں۔
ویانا مذاکرات میں ایران کا مطالبہ تھا کہ مزید پیشرفت کے لیے امریکا پابندیاں ختم کرے۔
پابندیوں کے خاتمے کے بعد غیر ملکی کمپنیاں اور ممالک ایران کے سول جوہری پروگرام میں معاونت کرسکیں گے۔