• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ 2005تھا، ’’بھارتیہ جنتا پارٹی‘‘ کے صدر لال کرشن اڈوانی پاکستان کے دورہ پر تھے، انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانیٔ پاکستان محمد علی جناح سیکولر تھے‘ اڈوانی کے اس بیان پر پاکستان میں ہی نہیں بھارت کے بھی انتہا پسندوں نے طوفان کھڑا کردیا جس پر واپس جا کر اڈوانی کو استعفیٰ دینا پڑا تھا، خود پاکستان میں بھی گاہے گاہے اس نکتے پر بحث ہوتی رہتی ہے لیکن آج ہمیں اس کالم میں اس موضوع پر بات نہیں کرنی بلکہ بغیر کسی بحث کے اس بات کو مان لینا ہے کہ پاکستان یقیناً ایک اسلامی ریاست ہے اور قائداعظم نے اسے اسلام کے نام پر ہی حاصل کیا تھا۔ اب سوال یہ ہے کہ اس اسلامی ریاست میں اسلام کے پیرو کار ہونے کے دعویدار کرتے کیا ہیں اور ان کا کردار کیا ہے؟ پاکستان میں اندازً لاکھوں مساجد تو ہوں گی جہاں پانچوں وقت کی نمازیں، تہجد، جمعہ کے خطبے، رمضان میں تروایح ہوتی ہیں، یہاں ہزاروں کی تعداد میں مدارس بھی ہیں جہاں ہمہ وقت لاکھوں افراد تلاوت کرتے اور حافظِ قرآن بنتے ہیں۔ اس ملک میں پچھلی سات دہائیوں سے رائے ونڈ کا تبلیغی اجتماع بھی ہوتا ہے جہاں لاکھوں کی تعداد میں مسلمان اکٹھا ہو کر عبادات کرتے ہیں۔ ملک بھر کے ہر چھوٹے بڑے شہر اور قصبے میں بزرگانِ دین کے مزارات مرجع خلائق ہیں جہاں لاکھوں کروڑوں پاکستانی بڑے خضوع و خشوع سے حاجات و مناجات کرتے ہیں اور نذر و نیاز کا بھی ایک وسیع سلسلہ ہے، ملک بھر میں ایک ہی وقت چار چار فرقوں کی اذانیں پوری شدتِ ایمانی سے لاؤڈ اسپیکرز پر دی اور سنی جا سکتی ہیں۔ پاکستان سے ہر سال ڈیڑھ سے دو لاکھ افراد عمرہ اور تقریباً اتنے ہی لوگ حج کیلئے سعودی عرب جاتے ہیں، عمومی نگاہ سے دیکھا جائے تو یوں لگتا ہے کہ اس ملک کا پورا معاشرہ کلی طور پر پرہیز گاری، نیکوکاری اور عبادت گزاری کے رنگ میں سر تا پا ڈوبا ہوا۔ میں درجنوں مسلمان ممالک کے ساتھ ساتھ یہودی اور عیسائیت کو ماننے والے ملکوں کی سیاحت بھی کر چکا ہوں لیکن دین کی محبت، اللہ کے نام کا ورد، ان شاء اللہ، ماشاء اللہ اور الحمدللہ کی روح پرور تکرار جس قدر پاکستان میں سننے کو ملے گی یہ سعودی عرب سمیت دنیا کے پچاس مسلمان ملکوں میں بھی نہیں ملے گی، جس قدر پیری مریدی کے اسباق پاکستان میں پڑھے سنے جا سکتے ہیں ایسے دُنیا کے کسی مسلمان ملک میں سننے کو نہیں ملیں گے ۔ یہاں ہر سال عیدین کے بڑے بڑے اجتماع، جمعہ کی نماز پر صف در صف کروڑوں فرزندانِ اسلام اللہ کے حضور جھکتے ہیں۔ تسبح اور درود و سلام کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ کو بہ کو موجود ہے، ملک کے طول و عرض میں عید میلاد النبی کے جلوس پر کروڑوں مسلمان اکٹھا ہوتے ہیں اور جس ملک میں یومِ عاشور پر کروڑوں مسلمان ماتمِ حسین میں عزاداری کرتے ہوں، یوں محسوس ہوتا ہے پورے پاکستان میں ایک روحانی فیض جاری و ساری ہے لیکن پھر ایسا کیوں کہ اس ملک کا ایمانداری کی عالمی ریکنگ میں نمبر 160واں ہو اور ایک غیرمسلم ملک جاپان جہاں اوپر زکر کیا گیا کوئی کام نہیں ہوتا، ایسی عبادات بھی نہیں ہوتیں، اس کا عالمی رینکنگ میں نمبر ون ہو لیکن ہمیں پھر بھی یہ دعویٰ ہو کہ ہم زندہ قوم ہیں تو کیا ایسا کہتے اور سمجھتے ہوئے ہمیں شرم نہیں آنی چاہئے؟ اب معاملہ یہ ہے کہ ورلڈ انڈیکس کے مطابق جاپان، چین سمیت دنیا بھر کے ترقی یافتہ، تہذیب یافتہ اور جدید معاشروں میں سیکولر ذہن رکھنے والے افراد کی تعداد میں ہو شربا اضافہ ہو رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت دنیا میں ایک ارب 20کروڑ افراد سیکولر، اگناسٹک اور ایتھیسٹ ہیں جو دنیا کی کل آبادی کا 16فیصد بنتے ہیں، ایسے افراد پر مشتمل آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک ہالینڈ ہے جہاں تقریباً آدھی آبادی بےمذہب ہے۔ اسی طرح ناروے، سویڈن، سپین، ڈنمارک، فرانس، جرمنی، فن لینڈ، آسٹریا، پرتگال اور برطانیہ بھی ہیں جہاں لوگ خود کو سیکولر کہتے ہیں، ان ملکوں میں وہ تمام عبادات و مناجات اور دیگر مذہبی رسومات نہیں ہوتیں۔ چرچز کا کردار بھی برائے نام ہو چکا ہے لیکن یہ تمام ممالک اخلاقیات، مساوات و انصاف میں نمبر ون ہیں، انسانی قدروں یہاں تک کہ جانوروں کے حقوق کے حوالے سے بھی ان کا کوئی ثانی نہیں، ایمانداری اور قانون کی پاسداری میں بھی ان کا جواب نہیں، جھوٹ مکرو فریب منافقت اور دھوکہ دہی سے بھی ان کا کوئی تعلق نہیں، یہ لوگ نہ تو قبریں کھود کر مُردوں کا کفن اتارتے ہیں نہ مردہ خواتین سے بدفعلی کرتے ہیں، نہ کھانے پینے کی اشیا میں ملاوٹ کرتے ہیں اور نہ زندگی بچانے والی ادویات میں دو نمبری کرتے ہیں، یہ لوگ گدھے کو بکرا کہہ بیجتے ہیں نہ مر چکی مرغیوں کا شوارمہ عوام کو کھلاتے ہیں، ان کے ہاں تو نہ تھانے بکتے ہیں نہ عدالتیں، یہاں نہ ملک کا وزیراعظم کرپشن کرتا ہے اور نہ ہی فروٹ بیچنے والا ریڑھی بان خراب پھل بیجتا ہے۔ یہاں صفائی اتنی ہے کہ سڑکوں پر شکل نظر آتی ہے۔ جاپان ہی کو دیکھیں کہ گزشتہ 30سال سے وہاں چوری اور قتل کی ایک بھی واردات نہیں ہوئی، یہاں دو نمبری و بےایمانی ان کی لغت سے ہی نکل چکی ہے۔ جاگیرداری اور وڈیرا نظام سے یہ لوگ واقف ہی نہیں۔ اب دوسری طرف اسلام اور دو قومی نظریے کی بنیاد پر وجود میں آنے والے پاکستان میں لوٹ کھسوٹ، مار دھاڑ، غیر انسانی اور غیراخلاقی اقدار کا سیلابِ عظیم بحیثیت مجموعی معاشرے میں جو تباہی پھیلا رہا ہے اس کی رو داد یہاں بتانے کی ضرورت بھی نہیں لیکن انتہائی ڈھٹائی سے ہمیں زندہ قوم ہونے کا دعویء تجاہلِ عارفانہ بھی ہے!

مصور پاکستان ڈاکٹر محمد علامہ اقبال نے برمحل کہا تھا کہ:

انداز بیاں گر چہ بہت شوخ نہیں ہے

شاید کہ تری دل میں اُتر جائے میری بات

یا وسعت افلاق میں تکبیر مسلسل

یا خاک کی آغوش میں تسبیح و مناجات

وہ مذہب مردان خود آگاہ و خدا مست

یہ مذہب مُلا و جمادات و نباتات

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین