• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انجلینا جولی کو ایک اور افغان لڑکی کا خط موصول

انجلینا جولی کو ایک اور افغان لڑکی کا خط موصول
انجلینا جولی کو ایک اور افغان لڑکی کا خط موصول

عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی کو ایک اور افغان لڑکی کا خط موصول ہوا ہے۔

انجلینا جولی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئر نگ ایپ انسٹاگرام پر افغان لڑکی کی جانب سے موصول ہونے والے خط کے بارے میں بتایا ہے۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ’ افغانستان کی ایک نوجوان لڑکی نےاُنہیں خط بھیجا ہے‘۔ 

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’وہ لڑکی کی شناخت ظاہر نہیں کر رہیں، لیکن طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے یہ لڑکی اسکول دوبارہ نہیں جا سکی‘۔ 

اداکارہ نے لکھا کہ’افغان خواتین کو محض پرامن احتجاج میں حصہ لینے کی وجہ سے گرفتار کیے جانے کے بعد اُس افغان لڑکی نے یہ خط لکھا کہ شاید وہ دوبارہ کبھی باہر نہیں جا سکے گی اور نہ ہی بول سکےگی کیونکہ وہ ایک لڑکی ہے‘۔

انجلینا جولی نے افغان لڑکی کےخط کےایک اقتباس کو اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا:

’مجھے ایسا لگتا ہے کہ خواتین کو بولنے یا اپنی رائے کا اظہار کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ عورتوں کے حقوق ان سے چھین لیے گئے ہیں اور انہیں ملک میں کچھ کرنے کی اجازت نہیں۔ چند ہفتے پہلے جب طالبان نے خواتین کے حقوق اور آزادی کے لیے آواز اٹھانے والی 2 خواتین کو گرفتار کیا تو میں نے بس یہی سوچا کہ یہ انجام ہے اور شاید میں دوبارہ کبھی باہر نہ جا سکوں اور نہ ہی اس قابل ہو سکوں کہ کچھ بھی بولوں کیونکہ میں ایک لڑکی ہوں‘۔

اپنی پوسٹ کے اختتام پر انجلینا جولی نے لکھا کہ’براہِ کرم معلوم کریں کہ افغانستان میں کیا ہو رہا ہے، جہاں نوجوان خواتین کو رات کے وقت گھروں سے بندوق کی نوک پر لے جا کر غائب کیا جا رہا ہے اور خواتین اور لڑکیوں کی آزادی پر دن بدن نئی پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں‘۔ 

اُنہوں نے درخواست کی کہ’براہ کرم، اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہم افغان خواتین کو بھولے نہیں ہیں‘۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی انجلینا جولی نے ایک افغان لڑکی کا خط اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید