بالی ووڈ کی سپر ہٹ فلم ’لگان‘ میں دیوا کا کردار ادا کرنے والے معروف اداکار پردیپ راوت نے خود کو فلم میں کاسٹ کیے جانے سے متعلق دلچسپ واقعہ بیان کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ فلم میں کام کی پیشکش کےلیے عامر خان نے کال کی تو ان کی بہن نے فون کال کو مذاق سمجھ کر نظرانداز کردیا تھا۔
پردیپ راوت مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ ’سرفروش‘ اور ’گجنی‘ میں بھی کام کرچکے ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران پردیپ راوت نے بتایا کہ دیوا کا کردار پہلے مکیش رشی کو آفر کیا گیا تھا لیکن کئی فلموں میں مصروف شیڈول کے باعث وہ اس آفر کو قبول نہیں کرسکے۔ اس لیے ان کی جگہ مجھے فلم میں کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پردیپ راوت نے دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان گھر پر کال کی تو میری بہن نے کال کو مذاق سمجھ کر نظرانداز کردیا تھا۔ وہ یقین نہیں کر پارہی تھی کہ یہ عامر خان کی کال ہے۔ اس نے کہا ’کیوں بدمعاشی کر رہے ہو؟‘ اس پر عامر خان نے کہا ’میں واقعی عامر خان بول رہا ہوں، پردیپ جی ہیں کیا؟‘
انکا کہنا تھا کہ عامر خان نے پھر ’سرفروش‘ کے مصنف اوما شنکر پاتھک سے کال کروائی، اوما جی کئی مرتبہ ہمارے گھر آچکے تھے اور میری بہن انہیں اچھی طرح جانتی تھی۔ انہوں نے میری بہن کو بتایا کہ وہ واقعی عامر خان کی کال تھی۔
پردیپ راوت نے کہا کہ اوما شنکر نے میری بہن کو کہا کہ براہ کرم پردیپ کو کہیں صبح عامر خان کے دفتر آجائیں، کنٹریکٹ سائن کرکے چیک وصول کرلیں۔ جب میں 3 بجے کی شوٹ کے بعد گھر پہنچا، تو دیکھا کہ سب بہت خوش تھے کہ عامر خان نے کال کی تھی۔