• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل قریشی کیلئے میں نے اچھا بیٹا و اچھا انسان بننے کی دعا نہیں کی: افشاں قریشی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ افشاں قریشی کے اپنے بیٹے اداکار فیصل قریشی سے متعلق دیے گئے بیان نے مداحوں کو حیران کر دیا۔

افشاں قریشی نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے بیٹے فیصل قریشی سے تھوڑی ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ میرا بیٹا جب آج میری دعاؤں کی وجہ سے ایک بڑا اسٹار بن چُکا ہے تو مجھے اپنی ایک غلطی کا احساس ہوا ہے کہ میں نے اس کی کامیابی کے لیے تو دعا کی لیکن یہ دعا نہیں کی کہ وہ ایک اچھا بیٹا اور ایک اچھا انسان بھی بنے۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ جب مرحوم اداکار خالد بٹ صاحب عمرہ ادا کرنے کے لیے جا رہے تھے تو میں نے انہیں فیصل قریشی کے لیے ایک دعا لکھ کر دی تھی کہ’اللّٰہ تعالیٰ میرے بیٹے فیصل قریشی کو اتنا عروج دینا جتنا امیتابھ بچن کو ملا ہے‘۔

اُنہوں نے اس شو کے دوران اولاد کے لیے یہ پیغام دیا کہ اپنے ماں باپ کی عزت کریں اور اُن کی خدمت کریں کیونکہ ماں باپ سے بڑھ کر دنیا میں کوئی بھی چیز نہیں ہے۔

افشاں قریشی نے مزید کہا کہ اگر آپ والدین سے حسنِ سلوک سے پیش آئیں گے تو جنت ملے گی اور اگر آپ اپنے والدین کو ٹھکرائیں گے تو اللّٰہ تعالیٰ بھی آپ کو ٹھکرا دیں گے۔

واضح رہے کہ فیصل قریشی کی والدہ نے اپنے انٹرویو میں یہ واضح نہیں کیا کہ اُن کے اور فیصل قریشی کے درمیان کیا اختلافات ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے فیصل قریشی کی والدہ افشاں قریشی کا یہ بیان سامنے آنے پر ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

کچھ صارفین کو اداکارہ افشاں قریشی کا اپنے بیٹے کے لیے امیتابھ بچن جیسی شہرت کے حصول کے لیے مدینہ میں دعا کروانا پسند نہیں آیا جبکہ کچھ صارفین نے فیصل قریشی کو یہ مشورہ دیا کہ آپ کو اپنی والدہ کا خیال رکھنا چاہیے اور جو بھی اختلافات ہیں اُنہیں دور کرنا چاہیے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید