• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انجلینا جولی افغان شہریوں کی آواز بن گئیں

عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی نے افغان شہریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے کے لیے اپنا آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ بنا لیا۔

انجلینا جولی نے اپنے انسٹاگرام پر اپنی پہلی پوسٹ میں ہاتھ سے لکھا ہوا خط شیئر کیا ہے جوکہ انہیں ایک افغان لڑکی نے بھیجا ہے۔


انہوں نے یہ خط شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ایک خط ہے جو مجھے افغانستان کی ایک نوعمر لڑکی نے بھیجا تھا۔‘

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’اس وقت، افغانستان کے لوگ سوشل میڈیا پر بات چیت کرنے اور آزادانہ طور پر اظہارِ خیال کرنے کی صلاحیت کھو رہے ہیں لہٰذا! میں انسٹاگرام پر ان کی آواز دنیا تک پہنچانے آئی ہوں جو اس وقت اپنے بنیادی انسانی حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ بیس سال پہلے کی بات ہے کہ میں نائن الیون کے واقعے سے دو ہفتے قبل افغانستان کی سرحد پر تھی، جہاں میں افغان مہاجرین سے ملی جو طالبان سے بھاگ کر آئے تھے۔‘

ہالی ووڈ اداکارہ نے لکھا کہ ’یہ خوفناک ہے کہ افغانیوں کو ایک بار پھر ان کے ملک میں اسی خوف اور غیر یقینی صورتحال نے گھیرا ہوا ہے اور انہیں بے گھر کیا جارہا ہے۔‘

انجلینا نے لکھا کہ ’صرف اس نتیجے تک پہنچنے کے لیے اتنا وقت اور پیسہ خرچ کرنا، خون بہانا اور جانیں ضائع کرنا، یہ ایک ایسی ناکامی ہے جسے سمجھنا تقریباََ ناممکن ہے۔‘

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’کئی دہائیوں سے دیکھ رہے ہیں کہ افغان مہاجرین میں سے دنیا کے کچھ قابل ترین لوگوں کے ساتھ ایک بوجھ کی طرح سلوک کیا جارہا ہے، یہ جانتے ہوئے کہ اگر ان کے پاس اوزار اور عزت ہوتی تو وہ اپنے لیے کتنا کام کرتے۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’میں ایسی بہت ساری خواتین اور لڑکیوں سے ملی جو نا صرف تعلیم چاہتی تھیں، بلکہ اس کے لیے لڑیں۔‘

آخر میں انجلینا نے امید کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’بہت سارے دوسرے لوگوں کی طرح جو پُرعزم ہیں، میں پیچھے نہیں ہٹوں گی۔ میں مدد کے طریقے تلاش کرتی رہوں گی، اور مجھے امید ہے کہ آپ میرا ساتھ دیں گے۔‘

تازہ ترین