• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر نے ایک بار انکشاف کیا تھا کہ اُنہیں میک اپ کرنے سے نفرت ہے۔

بھارتی موسیقی کی دُنیا پر راج کرنے سے پہلے، لتا منگیشکر نے فلمی صنعت میں اپنے کیریئر کا آغاز ایک اداکارہ کے طور پر کیا تھا، بہت سے لوگ نہیں جانتے کہ پانچ سال کی عمر میں گلوکارہ نے اپنے والد کے مراٹھی زبان میں موسیقی کے ڈراموں میں بطور اداکارہ کام کرنا شروع کر دیا تھا۔

سال 1942ء میں، جب لتا کے والد دل کی بیماری سے انتقال کر گئے تھے، ماسٹر ونائک، فلم اداکار اور ہدایت کار اور منگیشکر خاندان کے قریبی دوست، نے میلوڈی کوئین کو بطور اداکارہ اور گلوکارہ اپنا کیریئر شروع کرنے میں مدد کی۔

جب لتا 1945ء میں ممبئی چلی گئیں تو انہوں نے موسیقی کی تعلیم لینا شروع کی۔ انہیں 1945ء میں ماسٹر ونائک کی پہلی ہندی زبان کی فلم ’بڑی ماں‘ میں اپنی چھوٹی بہن آشا بھوسلے کے ساتھ ایک معمولی کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔

لتا نے مراٹھی فلموں میں ہیروئن کی بہن، ہیرو کی بہن جیسے چھوٹے کردار کیے لیکن انہیں میک اپ کرنا اور کیمرے کے سامنے کام کرنا کبھی پسند نہیں آیا۔

سال 2008 میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں لتا منگیشکر نے کہا تھا کہ ’میں نے ایک اداکارہ کے طور پر شروعات کی تھی لیکن مجھے کبھی اداکاری پسند نہیں تھی، میں نے فلموں میں اداکاری کی لیکن مجھے کبھی اس کا مزہ نہیں آیا۔‘

لتا منگیشکر نے کہا کہ ’مجھے میک اپ کرنے سے نفرت تھی اور کیمرے کے سامنے ہنسنا اور رونا بھی پسند نہیں تھا، میں بچپن سے ہی گلوکاری کی طرف راغب تھی۔‘

 اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے سال 1945ء کے بعد پلے بیک سنگر کے طور پر کام کرنا شروع کیا تھا۔‘

واضح رہے کہ فنِ گلوکاری کے ذریعے بھارتی فلم نگری پر طویل عرصے راج کرنے والی بھارتی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر گزشتہ روز انتقال کر گئیں۔

92 سالہ لتا منگیشکر گزشتہ ماہ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد سے ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید