بھارتی اداکارہ و سیاستدان ارمیلا ماٹونڈکر نے لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر کی آخری رسومات میں تھوکنے سے متعلق بالی ووڈ کنگ خان پر لگنے والے الزام پر ردعمل دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ارمیلا ماٹونڈکر نے شاہ رخ خان پر سے متعلق کہا کہ ’ ہم میں بہت بگاڑ آچکا ہے‘۔
رپورٹ کے مطابق ارمیلا ماٹونڈکر ممبئی کے شیوا جی پارک میں لتا منگیشکر کی آخری رسومات کے دوران شاہ رخ پر تھوکنے کا الزام لگائے جانے پر اداکار کی حمایت میں سامنے آگئیں۔
شاہ رخ خان جو اپنی منیجر پوجا ددلانی کے ساتھ اتوار کی شام آنجہانی گلوکارہ کی آخری رسومات میں شامل ہوئے تھے، نے لتا منگیشکر کو اپنا آخری خراج عقیدت پیش کیا۔
لتا منگیشکر کی آخری رسومات کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہ رخ جنہوں نے پہلے ہاتھ جوڑے اور پھر دعا کے لیے اٹھائے اور لیجنڈ گلوکارہ کے جسد خاکی پر جھک کر پھونک ماری۔
شاہ رخ خان کے ساتھ کھڑی پوجا ددلانی نے بھی اس موقع پر دعا کےلیے ہاتھ اٹھائے، مرحومہ کی روح کےلیے دعا کے بعد پھونک ماری، جو اس عمل کا حصہ ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ارمیلا نے شاہ رخ کے عمل کو تھوکنا قرار دینے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’بطور معاشرہ ہم بہت بگڑ چکے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب کچھ ہم ایسے اداکار کی بات کررہے ہیں، جس نے مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ملک کی نمائندگی کی، سیاست بہت ہی نچلی سطح پر پہنچ گئی، جو واقعی افسوسناک ہے۔
ارمیلا نے اس موقع لتا منگیشکر کی موت پر دکھ کا اظہا رکیا اور ٹوئٹ پر اپنی پوسٹ کے ساتھ گلوکارہ کے ’اللّٰہ تیرا نام‘ گانے کا ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا۔
لتا منگیشکر کا اتوار کی صبح 92 سال کی عمر میں انتقال ہوا تھا ،ان کی موت کی وجہ کورونا اور نمونیا تھا، حکومت نے لیجنڈ گلوکار کے لیے دو روزہ سوگ کا اعلان کیا، اس دوران قومی پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔