• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سر میں کیل ٹھوکنے کا معاملہ: پولیس کو متاثرہ خاتون اور عامل کی تلاش


پشاور کے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) عباس احسن نے جعلی عامل کے کہنے پر بیٹے کی خواہش میں حاملہ خاتون کے سر میں کیل ٹھوکنے کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں عباس احسن نے کہا کہ ایس پی سٹی عتیق شاہ کو متاثرہ خاتون اور جعلی عامل کا سراغ لگانے کی ہدایت کردی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال انتظامیہ نے پولیس کو واقعہ سے لاعلم رکھا، جلد اصل ملزم کا سراغ لگاکر گرفتار کیا جائے گا۔

سی سی پی او پشاور کے مطابق خاتون کو چند روز قبل طبی امداد کے لیے لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں سرجن ڈاکٹر عاصم نے خاتون کو طبی امداد فراہم کی جبکہ اسپتال انتظامیہ نے پولیس کو واقعہ سے لاعلم رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے خبر وائرل ہونے پر انکوائری کی ہدایت کی ہے۔ جلد اصل ملزم کا سراغ لگاکر انہیں گرفتار کیا جائے گا۔

عباس احسن نے مزید کہا کہ خاتون کی رہائش کے بارے میں معلومات لی جارہی ہیں، کیل ٹھوکنے کے واقعے میں ملوث ملزمان کیخلاف کارروائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خاتون کو ٹریس کرنا ہماری ترجیح ہے، پولیس متاثرہ خاتون کو سپورٹ فراہم کرتی اور اس معاملے پر کارروائی بھی کرتی۔

سی سی پی او پشاور نے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کیخلاف سخت سے سخت کارروائی ہوگی، جس کی جوغلطی ہوگی اس کو ویسی ہی سزا دلوائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید