• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم، شہباز شریف سے ہاتھ نہیں ملائیں گے، شہباز گل

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا شہباز شریف سے ہاتھ نہ ملانے کا فیصلہ درست ثابت ہوا، فائدہ ہو یا نقصان عمران خان ان سے ہاتھ نہیں ملائیں گے۔

شہباز گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سلمان شہباز نے برطانیہ میں مستقل سکونت کیلئے ویزے کی درخواست دی ہے، شہباز شریف اور ان کے بچوں نے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ 1990ء میں شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 21 لاکھ تھی، 1998ء میں شہباز شریف خاندان نے ایک کروڑ 48 لاکھ ٹیکس دیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 2018ء میں شریف خاندان کے ہر فرد کے پاس 7/8 ارب کی پراپرٹی ہے، چپڑاسیوں کے اکاؤنٹس سے اربوں روپے نکل رہے ہیں، شہباز شریف کا چہرہ دیکھ کر ملک مقصود چپڑاسی کا نام یاد آئے گا۔

شہباز گل نے کہا کہ شریف خاندان کو لندن کے ڈاکٹروں پر بہت بھروسہ ہے، پاکستانی ڈاکٹر برطانوی ڈاکٹروں سے مہارت میں بہتر ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیب کو بتایا گیا کہ 2005ء میں انیل مسرت سے رقم لے کر فلیٹ خریدا، روز مرہ کے اخراجات پورے کرنے کیلئے سلمان شہباز ذوالفقار نامی شخص سے جیب خرچ لیتا ہے۔ بی بی سی کی کرپشن کی اسٹوری پر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ سلمان شہباز کی اپیل کل خارج کردی گئی، عوام کے پیسوں سے رائے ونڈ کی دیواریں بنیں، شریف خاندان کو لوٹا ہوا پیسہ واپس دینا ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانیہ میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے خلاف تحقیقات میں عدالتی دستاویزات سامنے آئی تھیں، دستاویزات کے مطابق مکمل تحقیقات کے بعد نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے شہباز شریف اور سلیمان کو کلین چٹ دے دی ہے۔

قومی خبریں سے مزید