• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شبانہ اعظمی نے کنگنا کو آڑے ہاتھوں لے لیا

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی نے برقع سے متعلق متنازع بیان دینے پر کنگنا رناوت کو کرارا جواب دے دیا۔

کنگنا رناوت نے بھارتی ریاست کرناٹک میں حجاب پر جاری تنازع پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’اگر آپ ہمت دکھانا چاہتے ہیں تو افغانستان میں برقع نہ پہن کر دکھائیں۔‘

اداکارہ نے کہا تھا کہ ’آزاد ہونا سیکھیں، خود کو پنجرے میں بند نہ کریں۔‘  

اب شبانہ اعظمی نے کنگنا رناوت کی انسٹا اسٹوری کا اسکرین شاٹ لیکر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا ہے۔

شبانہ اعظمی نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’اگر میں غلط ہوں تو مجھے درست کریں لیکن افغانستان ایک تھیوکریٹک ریاست ہے اور جب میں نے آخری بار چیک کیا تھا کہ بھارت ایک سیکولر جمہوریہ تھا۔‘

بالی ووڈ اداکارہ کے اس کرارے جواب پر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد اُن کی حمایت کرتی نظر آرہی ہے جبکہ کنگنا رناوت کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ کرناٹک میں باحجاب لڑکی مسکان کو ہندو انتہا پسندوں نے کالج جاتے ہوئے ہراساں کیا تھا جس کے جواب میں لڑکی نے ڈرے بغیر نعرہ تکبیر بلند کیا تھا۔

مسکان کی بہادری پر جمعیت علماء ہند کے سربراہ مولانا محمود مدنی نے 5 لاکھ بھارتی روپے انعام کا اعلان کیا۔

اس واقعے پر دنیا بھر میں مختلف انداز سے تبصرے اور تجزیے کئے جارہے ہیں، بھارت میں بھی اس پر بحث تیز ہوگئی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید