وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے وزارتوں کو کارکردگی پر ایوارڈ دینے اور کارکردگی جانچنے کے طریقہ کار پر شاہ محمود قریشی نے سوالات اٹھا دیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد ارباب کو خط لکھ دیا، جس میں وزارت خارجہ کو گیارہواں نمبر دینے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق خط میں کہا گیا کہ پرفارمنس ایگریمنٹ کی پہلی سہ ماہی میں وزارت خارجہ نے 26 میں سے 22 اہداف حاصل کئے، دوسری سہ ماہی میں 24 میں سے 18 اہداف کامیابی سے حاصل کیے۔
شاہ محمود نے کہا کہ وزارت خارجہ نے یقینی بنایا کہ ریویو پیریڈ کے دوران کوئی معاملہ زیر التواء نہ رہے۔
خط میں کہا گیا کہ اس دوران وزارت خارجہ نے اعلیٰ سطح کی سرگرمیاں بھی کیں، وزارت خارجہ کے کاموں پر کسی تشویش کا کوئی اظہار نہیں کیا گیا۔
شاہ محمود نے کہا کہ 30 فیصد کارکردگی جائزہ سےمتعلق کوئی تحریری گائیڈ لائنز نہیں دی گئیں، وزارت خارجہ کی یہ گریڈنگ ریویو کمیٹی کے طریقہ کار پر سوالات اٹھاتی ہے۔