ہجیرہ(ایجنسیاں ) سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سردار غلام صادق نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر میں ن لیگ کو دریائے جہلم کسی صورت کراس نہیں کرنے دیگی، مسئلہ کشمیر پیپلز پارٹی کا بنیادی ایشو ہے، پیپلز پارٹی کے موجودہ دور حکومت میں پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی پر بھر پور توجہ دی حلقے میں بے روزگاری کے خاتمے اور یونیورسٹی کیمپس قائم کرنے پر آئندہ توجہ دونگا۔ مسلم لیگ ن مسلم کانفرنس اور دیگر جماعتوں سے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں کو انکا جائز حق اور احترام ملے گا ۔ میرا مخالف حلقے کی تعمیر و ترقی سے انحراف نہیں کر سکتا ۔ ان خیالات کا اظہار سردار غلام صادق سپیکر اسمبلی ،آزاد کشمیر نے آج سڑک کے افتتاح کے موقع پر جلسے عام سے خطاب میں کیا۔ سردار غلام صادق خان نے کہا کہ میں نے گزشتہ 3 الیکشنوں میں سردار خان بہادر خان کو انکے گھر میں شکست دی اور اس مرتبہ بھی پارٹی کارکنوں کے تعاون اور حلقے میں تعمیر و ترقی کی بنیاد پر اپنے سیاسی حریف کی ضمانت ضبط کراؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کی ترقی اور خوشحالی پر بھر پور توجہ دے رہی ہے۔ گزشتہ چار سالوں میں حلقہ انتخاب میں منہ بولتا ثبوت سڑکیں، سکول، کالج، ہسپتال ترجیحات میں شامل رہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام بہترین منصف ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرنے والوں میں سردار اسلم خان، سردار یعقوب خان، سردار مکھن خان، سردار منشاءعظیم ایڈوکیٹ، سردارسعود صادق ایڈوکیٹ، مقبول شاہین، ملک محبوب اعوان ایڈوکیٹ، شفیق بزمی، چوہدری خلیل، چوہدری ذوالفقار، چوہدری عثمان، سردار عبدالقیوم ،سردار اکبر اور دیگر شامل ہیں۔ مقررین نے کہا کہ سپیکر اسمبلی سردار صادق خان نے حلقے کی تعمیر و ترقی کے لیے ریکارڈ کام کیے ہیں۔ ہم آئندہ بھی پیپلز پارٹی اور سپیکر اسمبلی کو کامیاب بنا کر بھیجیں گے۔ اس موقع پر دوسری جماعتوں سے کئی افراد نے مستعفی ہو کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔