گوادر (نامہ نگار) گوادر میں تحویل میں لیا گیا ٹرالر غائب کردیا گیا۔ غیر قانونی ٹرالنگ میں پکڑے ٹرالر زمیں سے ایک غائب،ڈی جی فشریز نے کہا کہ سیکورٹی حصار سے ٹرالر کا غائب ہونا لمحہ فکریہ‘ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی،واقعہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا۔ یادرہے کہ چھ روز قبل غیر قانونی ٹرالنگ میں ملوث چار ٹرالرز کو محکمہ فشریز اور ایم ایس نے مشترکہ کارروائی کے دوران پکڑا تھا جس کے بعد مقدمے کا بھی اندراج ہوا۔ یہچاروں ٹرالرز گوادر جی ٹی پر حفاظتی تحویل میں تھے لیکن ان میں سے شان اسلام نامی ٹرالر پراسرار طورپر غائب پایا گیا ،جس وقت مذکورہ ٹرالر غائب پایا گیا اس وقت گوادر جی ٹی پر لنگر انداز کسی بھی لانچ کو نقل و حمل کی اجازت نہیں تھی۔درایں اثناء ڈائریکٹر جنرل فشریز بلوچستان طارق الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ نصف شب سخت سیکورٹی حصار میں پکڑے گئے ایک ٹرالر کا غائب ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ کمزوری جس طرف سے بھی ہو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ نصف شب چار میں سے ایک ٹرالر کو دوبارہ پکڑنے کے لیے پیٹرولنگ اور گشتی ٹیم بھیج دی گئی ہے۔