ملتان(سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاناما پیپرز کے ایشو پر پاکستان تحریک انصاف کی کامیاب حکمت عملی کی بدولت تمام اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر جمع ہوئیں کیونکہ سیاست میں کوئی بھی بات حرف آخر نہیں ہوا کرتی کل کے دشمن آج کے دوست بن سکتے ہیں اور ہماری اولین ترجیح اس وقت ملک کو کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلانہ ہے جس کے لئے ہم بلا تفریق ہر جماعت کے افراد کے ساتھ گفت و شنید کرنے پر تیار ہیں۔ وہ گذشتہ روز سول ہسپتال چوک فوارہ کے قریب پاکستان تحریک انصاف کے سٹی آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام عامر انور قریشی نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ایک مقدس ادارہ ہے لیکن یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ اب یہاں جھوٹ بول کر اس کے تقدس کا پامال کیا جانے لگا ہے ۔ہرچند کے پاکستان تحریک انصاف میںاس قدر طاقت ہے کہ تن تنہا کرپشن کے خلاف اپنے اٹل موقف پر ڈٹ کر حکومت وقت کو مشکلات میں ڈال سکتی ہے لیکن ہم نے متحدہ اپوزیشن بنانے کا فیصلہ ملک اور قوم کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھ کر کیا اور آج ہماری کاوشوں کا نتیجہ پوری قوم کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی اس موقف پر قائم ہیں کہ جمہوریت میں اختلاف رائے رکھنا سب کا بنیادی حق ہے اس لئے جو ہمارے متفقہ ایجنڈے پر ہمارے ساتھ چلنا چاہے ہم اسے خوش آمدید کہیں گے اور ہم اپنے چیئر مین عمران خان کی سیاسی دور اندیشی کے باعث اپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک الیکشن حریفوں کا ہوتا ہے اور ایک حلیفوں کا ۔ پارٹی الیکشن حلیفوں کا الیکشن ہے اسے ہمیں اس انداز سے لڑنا چاہیے کہ عمران خان نے جن مقاصد کو اپنی زندگی کا مقصد بنا کر اس پارٹی کی بنیاد رکھی اسے کسی صورت نقصان نہ پہنچنے پائے۔اس تقریب میں ایم این اے ملک عامر ڈوگر، ڈاکٹر اختر ملک، ایم پی اے حاجی جاوید اختر انصاری، ملک ارشد راں، میاں سلمان علی قر یشی، شیخ عامر خلیل، رانا عبد الجبار،، محمد یونس غازی، محمد سلیم بخاری، میجر مجیب احمد، بابر شاہ، میاں سلیم کملانہ،قربان فاطمہ، سبین گل خان، آصفہ سلیم،گلشن وڑائچ، عصمت جبیں،شہر بانو بخاری، عمیر افضل ودیگر نے شرکت کی۔