• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرول مہنگا کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، فواد چوہدری


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پٹرول مہنگا کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہا کہ یوکرین تنازع کے بعد عالمی سطح پر پٹرول کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پٹرول کی قیمت بڑھانے کے سوا کوئی چارہ نہیں، ہم پاکستان میں کتنی دیر قیمتوں کو بڑھنے سے روک سکتے ہیں، قیمتیں تو بڑھیں گی اس میں کوئی شبہ نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں، اداروں کے ساتھ چلتے ہیں، فی الحال عدم اعتماد نہیں اپوزیشن کے لیے جیلیں نظر آرہی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کراچی میں ویکسین لگنے کی شرح متاثر کن نہیں ہے، وزیراعلی سندھ نے کہا تھا کہ ویکسین منگوائیں گے، سندھ حکومت نے ایک ڈالر کی بھی ویکسین نہیں منگوائی۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ڈھائی ارب ڈالر کی ویکسین لوگوں کو لگائی جاچکی ہے، سندھ حکومت نے ایک ڈالر کی ویکسین نہیں منگوائی، وفاقی حکومت نے ہی سندھ کو ویکسین دی۔

انہوں نے کہا کہ پشاور اور ڈی آئی خان اور دیگر علاقوں کے جو الیکشن ہوئے ان میں مسترد شدہ ووٹ ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) میں ووٹ مسترد نہیں ہوسکتے، اس کے لیے ٹینڈر کریں اور خریدیں۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہاکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) عدالتوں میں کیسز کی وجہ سے 3 ہزار ارب کی ریکوری نہیں کر پا رہا، عدالتوں کے حکم امتناع کی وجہ سے وصولیاں نہیں ہورہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے وزیراعظم کو بلایا تو آدھے گھنٹے میں پہنچ گئے، عدالتوں کو انتظامی معاملات میں حکومت کا نکتہ نظر پتا ہونا چاہیے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا کے مقابلے پاکستان میں مقدمہ بازی بہت سستی ہے، عدلیہ کو ایسا سیٹ اپ ہونا چاہیے کہ ان معاملات کا حل نکال سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹے آرڈرز کی وجہ سے انتظامی بحران کا سامنا ہے، یہ سیاسی فیصلہ نہیں بلکہ انتظامی فیصلہ ہوگا، ایک ایسا سیٹ اپ ہو کہ مختلف ایشوز کا پس منظر رکھا جاسکے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلدیاتی ری پولنگ میں تحریک انصاف نے کامیابی حاصل کی ہے، وزیراعظم کو کابینہ ارکان نے مبارک باد دی۔

قومی خبریں سے مزید