کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف سے قرضے لے کر اپنے عیش و عشرت پر خرچ کر دیئے انہی قرضوں سے آف شور کمپنیاں بنائی گئیں، آج ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن نے منافع بخش قومی اداروں کو بھی تباہ کردیااسٹیل مل کے ملازموں کو 6ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں یہ کتنا بڑا ظلم ہے ۔وہ جماعت اسلامی کے تحت ’’کرپشن فری پاکستان چلڈرن واک ‘‘ سے خطاب کر رہے تھے ۔ سراج الحق نے چلڈرن واک میں خصوصی طور پر شرکت کی اور بچوں کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بھی گفتگو کی۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،پرگرام کے آرگنائزر انجینئر صابر احمد نے بھی خطاب کیا۔چلڈرن واک میں بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کرپشن کے خلاف جدوجہد کرنے کا عزم کیا۔سراج الحق نے مزید کہا کہ25مئی سے پشاور تا کراچی ’’کرپشن فری پاکستان ‘‘ٹرین مارچ ہوگا، کرپشن فری پاکستان کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی، آج میں بچوں کے درمیان ہوں آسمان ،ستاروں اور چاندکی وجہ سے خوبصورت ہے تو ان کی وجہ سے یہ دھرتی خوبصورت ہے اور یہ ملک آباد ہے۔ان بچوں کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ہمیں کرپشن فری پاکستان چاہیئے۔ان بچوں کو ایک روشن خوشحال اور امن والا پاکستان چاہیئے۔جہاں غربت، مہنگائی،ظلم اور بے روزگاری نہ ہوں۔ ایک ایسا ملک جہاں نوجوان اپنی ڈگریاں جلانے پر مجبور نہ ہوں۔ جہاں بھوک اور غربت کے مارے والدین اپنے اعضا کو فروخت کرنے پر مجبور نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن فری پاکستان بننے میں کرپشن اشرافیہ اور حکمران ٹولہ رکاوٹ ہے۔کرپٹ اشرافیہ اور کرپٹ حکمرانوں نے کرپشن کو تحفظ اور فروغ دیا ہے۔