• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر کے قتل سے سب سے زیادہ نقصان مشرف کو ہوا، ماحول کی درستی کیلئے عارضی طور پر فوج کو بلایا جائے، پیرپگارا

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اورحروں کے روحانی پیشوا صبغت اللہ شاہ راشدی پیرپگارا نے کہاکہ  قدرتی آفات سمیت  ہر معاملے میں  فوج کو بلایا جاتاہے تو کچھ عرصے کیلئے ملکی ماحول ٹھیک کرنے کیلئے ایسا کیوں نہیں ؟ پانامہ لیکس تو مونگ پھلی ہے‘ اصل منی کہیں اور چھپی ہوئی ہے‘ پچھلا الیکشن نواز شریف اور زرداری کیلئے عید کا چاند تھا۔وہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ذوالفقار مرزا ، ارباب رحیم ، لیاقت جتوئی، ایاز پلیجو،غوث علی شاہ، پیرصدر الدین شاہ راشدی ، نصرت سحر عباسی اور دیگر نے  بھی خطاب کیا۔ پیر پگارا نے کہا کہ قدرتی آفات ہوں یا کوئی اور معاملہ جب ہر معاملے پر فوج کو بلایا جاتاہے تو کچھ عرصے کیلئے ماحول ٹھیک کرنے کیلئے ایسا کیوں نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہاکہ 2013ءکے جنرل الیکشن میں اگر آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان اسٹینڈ لیتے تو دھاندلی نہیں ہوتی‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرویز مشرف کو سب سے بڑا نقصان بے نظیر کے قتل سے ہوا تھا‘ سابق صدر جنرل پرویز مشرف پر غداری کے الزام غلط ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری وزیراعظم میاں نواز شریف سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی تھی‘ ہم نے وفاق کی خاطر ان کی سپورٹ کی‘ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہاکہ سندھ کے لوگ اگر خاموش رہے تو کالاباغ ڈیم بن جائے گا۔انہوں نے کہاکہ کمشنر حیدرآباد نے ایک نوٹیفکیشن نکالا ہے جس میں حکومت نے لکھا ہے کہ بدین میں چاول کی کاشت پر پابندی عائد کی جاتی ہے‘اب بدین میں تو ایان علی اور انور مجید جیسا کماؤ ہے نہیں تو لوگ کھائیں گے کہاں سے‘ سندھ ہماری ماں ہے ، سندھ کو ایسے لوٹا جارہا ہے جیسے مال غنیمت ہو‘ ہم تو ادی اور ادے کو گرانا چاہتے ہیں آپ بھی ہمارا ساتھ دیں۔ قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ جنرل الیکشن میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس میں شامل تمام پارٹیاں دوبارہ الیکشن کرانے کا مطالبہ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں ہونے والی کرپشن پرنیب اور ایف آئی اے خاموش ہے۔ وفاقی وزیر مرتضیٰ جتوئی نے کہاکہ پانامہ لیکس کی جس طرح وزیراعظم کہہ رہے ہیں اس طرح تحقیقات ہونی چاہئے‘ صرف وزیراعظم کا احتساب ہونا مناسب نہیں‘ کنونشن سے سابق وزرائے اعلیٰ ارباب غلام رحیم اور لیاقت جتوئی نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی رہنماءاپنی حکومت ہوتے ہوئے بھی جلاوطن ہیں‘ پیپلز پارٹی والے پانامہ پیپرز کے معاملے پر دھوکہ دے کر عمران خان کو بھی اپنے ساتھ کھڑا کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نہیں بلکہ دھاندلی کمیشن ہے‘ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا قتل اقتدار حاصل کرنے کا منصوبہ تھا، اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ مظفر علی شاہ‘ سابق وزیراعلیٰ سید غوث علی شاہ‘ فنکشنل لیگ کے صدر پیرصدر الدین شاہ راشدی ‘ایم پی اے نصرت سحر عباسی اور دیگر نے خطاب کیا۔
تازہ ترین