• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی ایکسپو 2020، شاہ محمود قریشی کے پاکستان اور چینی پویلینز کے دورے

دبئی(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو دبئی ایکسپو 2020ء میں پاکستانی، سعودی عرب اور چینی پویلینز کے دورے کئے۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضال محمود، دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسن افضل خان اور ڈائریکٹر پویلین رضوان طارق نے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا۔ ڈائریکٹر پویلین نے وزیر خارجہ کو پاکستانی پویلین کے ڈیزائن اور خدوخال کے حوالہ سے مفصل بریفنگ دی۔ پویلین کو پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور سیاحت سمیت سات مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے،اب تک 10 لاکھ کے قریب لوگ ایکسپو 2020ء میں پاکستانی پویلین کا دورہ کر چکے ہیں۔ پاکستان پویلین اپنے منفرد ڈیزائن کے باعث دبئی ایکسپو 2020ء میں پہلے پانچ پویلینز میں شامل ہے جسے پاکستان کیلئے ایک بڑا اعزاز سمجھا جا رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے پویلین کے ڈیزائن اور خوبصورتی کو سراہا اور منتظمین کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔ دریں اثناء سعودی پویلین آمد پر سعودی اسسٹنٹ کمشنر جنرل حسین حنبزازا نے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا۔ وزیر خارجہ نے سعودی پویلین کے ڈیزائن اور خدوخال کو سراہتے ہوئے اسے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030ء کا عکاس قرار دیا۔ سعودی اسسٹنٹ کمشنر جنرل حسین حنبزازا نے سعودی پویلین کا دورہ کرنے اور اسے سراہنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

بزنس سے مزید