سیالکوٹ (نمائندہ جنگ) صدر سیالکوٹ پولیس نے جعلی مہروں سمیت گرفتارہونے والے سلاٹر ہاؤس کے چار ملزمان کو گرفتاری کے بعد چھوڑ دیا ۔ رابط پر تھانہ اہلکار امان اللہ نےبتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر میثم عباس کی ہدایت پر پولیس اور ویٹنری آفیسر ڈاکٹر محمود الحسن کے ہمراہ دوبرجی میں شیخ عرفان اور عرفان بٹ کے جعلی سلاٹر ہاؤس میں چھاپہ مار کرجعلی سرکاری مہریں تیار کرواکے بکرے زبح کرنے کے بعد انہیں مہریں لگا تے ہوئے چار ملزمان ارشد ، ابراہیم ، اکبر علی اور مجید مسیح کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا جن کے خلاف جعل سازی کی دفعات 420/418اورسلاٹر ایکٹ1963 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا باقی معاملہ کا علم تفتیشی جمیل کو ہے۔ ایس ایچ او تھانہ صدر سیف اللہ ورک کے مطابق ملزمان کے پاس سلاٹر ہاؤس کا اجازت نامہ تھا تاہم چھاپہ مار نے والی ٹیم میں شامل ڈاکٹر محمود الحسن کے مطابق ملزمان سے جعلی سرکاری مہریں برآمد ہوئی تھیں. جبکہ ڈی ایس پی صدر سرکل طارق سکھیرا کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کی جائیں گی اورکسی قصور وار کو نہیں معاف کیا جائے گا ۔