اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے گیلپ سروے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرمائشی سروے عوام کی رائے جاننے کا پیمانہ نہیں ہے بلکہ فرمائشی سروے سے عوام میں مقبولیت حاصل کرنے کے لئے سستی کوشش ہے۔ شازیہ مری نے سوال کیا کہ گیلپ سروے کس کی ایماء پر کیا گیا، فنڈنگ کس نے کی، ٹیلیفون کے ذریعے کیا گیا اور کتنے شہروں میں کیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تو پیپلز پارٹی کے ووٹروں میں اضافہ ہوا تو پھر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مقبولیت میں کیسے کمی ہوئی؟ شازیہ مری نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار نے تمام جماعتوں کو شکست دی تھی۔