پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد انشاء اللّٰہ کامیاب ہوگی، پی ٹی آئی کے ارکان بھی عدم اعتماد کی تحریک کیلئے ووٹ دیں گے۔ پی ٹی آئی کے بہت سے ایم این اے ہمارے ساتھ ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تمام ارکان پارلیمنٹ سےعوام یہی پوچھتے ہیں حکومت کب جائے گی، حکومت ہر میدان میں شکست کھا چکی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ آئے روز بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جاتا ہے، حکومت اب صحافیوں کو نشانہ بنا رہی ہے، حکومت اپنا اور عوام کا بھلا چاہتی ہے تو استعفیٰ دے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان کی آج بھی دھرنے والی تقریر ہی ہوتی ہے، خان صاحب، آپ یہ سوچیں کہ عوام کو ریلیف کیسے دینا ہے، عوام کا سوال ہے کہ ہم کب اس حکومت کو گھر بھیج رہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے ووٹرز کو کوئی وضاحت نہیں دے سکے گی، پی ٹی آئی ارکان ناقص حکومتی کارکردگی پر آئندہ انتخابات میں جانے کے لیے پریشان ہیں۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں کے کارکن بھی حکومتی کارکردگی پر سوال اٹھارہے ہیں۔