سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ اور پیکا قانون میں ترامیم حکومتی سازش ہے، الیکشن ایکٹ میں ترامیم آئندہ انتخابات میں دھاندلی کا نیا منصوبہ ہے۔
ایک بیان میں شازیہ مری کا کہنا ہے کہ حکومت کو اپنی نااہلی اور ناکامی واضح نظر آرہی ہے، اب ذاتی مفادات کے لیے قانون ہی تبدیل کیا جا رہا ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا کہ حکومت کو غیرقانونی اقدامات سے انتخابات چوری کرنے نہیں دیں گے، عوام کو نہ گھبرانے کا مشورہ دینے والی حکومت اب خود کیوں گھبرا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیکا قانون کے تحت عام لوگوں کی آواز کو دبانا غیرجمہوری اور عام شہری کے حقوق کی خلاف ورزی ہے، حکومت عام شہری کی آواز دبانے کیلئے ایسے اقدامات کررہی ہے جو آمریت میں بھی نہیں ہوئے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ڈکٹیشن کے تحت ایسی قانون سازی نہ کرے جس کا کل وہ خود شکار بنیں، حکومت الیکشن ایکٹ اور پیکا قانون میں ترامیم کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے۔