• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول ہاؤس لاہور میں آصف زرداری ، پرویز الہٰی ملاقات کی اندرونی کہانی

سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور حکومتی اتحادی جماعت ق لیگ کے سینئر رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور ق لیگ کے وفد کی بلاول ہاؤس لاہور میں ملاقات کے دو سیشن ہوئے۔

پہلے سیشن میں آصف علی زرداری اور ق لیگ کے وفد نے 30 منٹ تک مشاورت کی اور تحریک عدم اعتماد سمیت دیگر آپشنز پر غور کیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کا دوسرا سیشن عشائیے کے بعد شروع ہوا، جس میں آصف زرداری اور پرویز الہٰی کےدرمیان 40منٹ ون آن ون ملاقات ہوئی، ملاقات میں آصف زرداری نے ق لیگ سے عدم اعتماد پر مکمل حمایت مانگی۔

آصف علی زرداری نے پرویز الہٰی سے صاف الفاظ میں کہا کہ آپ وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد پر ہمارا ساتھ دیں۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سے کہا کہ اس مشکل وقت میں اپوزیشن اور ملک کو اتحادیوں کے تعاون کی سخت ضرورت ہے۔

دوران ملاقات سابق صدر نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اور پی پی وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے پرویز الہٰی کو سپورٹ کریں گے، اتحادیوں کے تمام تحفظات بہترین طریقے سے دور کریں گے۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے ق لیگی وفد کو بتایا کہ ن لیگ کو وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے پرویز الہٰی کے نام سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر نے ق لیگی وفد کو مزید بتایا کہ ن لیگ کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس پر پرویز الہٰی نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن اپنے حتمی فیصلے سے آگاہ کرے گی تو اپنا جواب دیں گے۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ زرداری صاحب ہم کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے آپ سے مکمل مشاورت کریں گے، عدم اعتماد کے معاملے پر آپ کی مشاورت سے لائحہ عمل طے کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ق لیگی رہنما نے کہا کہ زرداری صاحب آپ ہمارے قابل اعتماد دوست ہیں اور ہمارا تعلق بہت مضبوط ہے۔

آصف علی زرداری اس ملاقات پر اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیں گے۔

قومی خبریں سے مزید