• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلیمنیٹر 1: اسلام آباد یونائیٹڈ 5 وکٹوں سے کامیاب، پشاور زلمی آؤٹ

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایلکس ہیلز نے 62 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، اعظم خان نے بھی 28 قیمتی رنز بنائے ۔ فوٹو بشکریہ پی سی بی
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایلکس ہیلز نے 62 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، اعظم خان نے بھی 28 قیمتی رنز بنائے ۔ فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کے ایلیمنیٹر 1 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے آؤٹ کردیا۔ 

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 

زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دے دیا تھا جو یونائیٹڈ نے آخری اوور میں حاصل کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف کا تعاقب محتاط انداز میں کیا، البتہ اسے 11 رنز بنانے والے ول جیکس کی وکٹ کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا تھا لیکن ایلکس ہیلز کے تجربے نے یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن کو اعتماد دیا۔ 

کپتان شاداب خان نے ون ڈاؤن پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہوئے 22 رنز بناکر ٹیم کے پر دباؤ کو ہٹانے کی ایک کامیاب کوشش کی۔

دوسری جانب ایلکس ہیلز نے اپنا روایتی کھیل پیش کرتے ہوئے 62 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم وہ بھی 111 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ 

ایسے میں اعظم خان نے 28 رنز بناکر اپنی ٹیم کو جیت کی جانب گامزن کردیا جبکہ ان کا ساتھ فہیم اشرف نے 19 رنز کے ساتھ دیا۔ 

جب آخری اوور میں یونائیٹڈ کوجیت کے لیے 10 رنز درکار تھے تو ایسے میں اعظم خان ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، تاہم ان کے بعد آنے والے لیام ڈاسن کے پاس شاید کچھ اور ہی ٹرکس تھیں، انہوں نے اگلی دو گیندوں پر پہلے چھکا اور پھر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو ایلیمنیٹر 2 میں پہنچا دیا۔ 

پشاور زلمی کی جانب سے سلمان ارشاد نے 3 جبکہ بینی ہوویل اور خالد عثمان نے ایک ایک وکٹ لی۔ 

اس سے قبل پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے تھے۔

پشاور زلمی کی طرف سے پہلے کامران اکمل اور پھر شعیب ملک نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تھیں، دونوں نے بالترتیب 58 اور 55 رنز بنائے۔

ان کے علاوہ حسین طلعت نے 28 اور محمد حارث نے 12 رنز کے ساتھ اس ٹوٹل میں اپنا حصہ ڈالا۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی کامیاب بولر رہے تھے جنہوں نے 4 اوورز کے کوٹہ میں 30 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس میں شعیب ملک اور حسین طلعت کی وکٹیں بھی شامل تھیں۔

ان کے علاوہ یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ لی۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کا اب ایلیمنیٹر 2 میں لاہور قلندرز سے مقابلہ ہوگا جبکہ اُس میچ کی فاتح ٹیم کا سامنا ملتان سلطانز سے فائنل میں ہوگا جس نے کوالیفائر میں لاہور قلندرز کو باآسانی شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ 


ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں 5 سے 6 تبدیلیاں ہیں۔

میچ کی منصوبہ بندی پر بات کرتے ہوئے شاداب خان کا کہنا تھا کہ پہلے 2 اوورز میں کنڈیشن دیکھنے کے بعد پلان بناتے ہیں۔ 

اس موقع پر پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ 170 رنز سے زیادہ کا ہدف دیں۔

پلیئنگ الیونز: 

وہاب ریاض کی قیادت میں اترنے والی پشاور زلمی کی ٹیم کامران اکمل، بینی ہوویل، محمد حارث، شعیب ملک، حسین طلعت، حیدر علی، خالد عثمان، سلمان ارشاد، یاسر خان اور علی ماجد شامل تھے۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو آج کپتان مستقل کپتان شاداب خان دستیاب ہیں اور ان کی قیادت میں حریف ٹیم کا مقابلہ کرنے کے لیے ایلکس ہیلز، ولس جیک، آصف علی، اعظم خان، لیام ڈاسن، فہیم اشرف، حسن علی، اطہر محمود، زاہد محمود اور وقاص مقصود شامل تھے۔ 

کھیلوں کی خبریں سے مزید