پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور سراج الحق کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے سراج الحق سے کہا کہ میں آپ کے پاس ووٹ لینے کے لیے آیا ہوں، جو ملکی حالات ہیں اس میں حکومت مکمل ناکام ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ داخلہ و خارجہ کے محاذ پر حکومت مکمل پسپائی اختیار کرچکی ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی بڑی اپوزیشن جماعت ہے، قومی منظر نامے میں آپ اپنا کردار ادا کریں۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ آپ کا ایک ووٹ ہمارے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، عدم اعتماد پر آپ کے تحفظات ہیں تو ہمیں بتائیں انہیں دور کرنے کو تیار ہیں۔
آصف علی زرداری نے سراج الحق سے ملاقات کے دوران کہا کہ الیکشن اصلاحات پر آپ کے موقف کی مکمل تائید کرتا ہوں، عدم اعتماد کے نتیجے میں نئی حکومت سب سے پہلے الیکشن اصلاحات کرے گی۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ ہمیں ووٹ دیں، ماضی میں ایک ووٹ سے سینیٹ کا الیکشن ہار چکے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ہمیں الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اعتراض ہے، پہلے دن سے ہی اس موقف پر قائم ہوں، ای وی ایم کے ذریعے انتخابات بہت بڑی دھاندلی ہوں گے۔