ملتان سلطانز کے سابق مالک علی خان ترین نے پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچوں میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے اور لاہور قلندرز کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے جنوبی افریقی کرکٹر ڈیوڈ ویسا کے نام سے منسوب انڈر پاس بنانے کا مطالبہ کردیا۔
پی ایس ایل کے پلے آف میچ اور پھر فائنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے ڈیوڈ ویسا نے لاہوریوں کے دل جیت ہی لیے تھے۔
اب فائنل میچ میں اپنی شاندار پرفارمنس پر ردعمل میں علی ترین نے ’ڈیوڈ ویسا‘ کے نام سے منسوب انڈر پاس کی ایک ترمیم شدہ فوٹو شیئر کی اور کہا کہ اب یہ ممکن ہوجانا چاہیے۔
میچ سے قبل بھی علی ترین نے پیشگوئی کی تھی کہ آج رات کرکٹ میں دیوڈ ویسے کی رات ہوگی، اور ان کی یہ پیشگوئی بالکل درست ثابت ہوئی۔
فائنل میں ڈیوڈ ویسا نے 8 گیندوں پر 28 رنز بنائے، اور ایک بڑا ٹوٹل بنانے میں کامیاب رہے۔
واضح رہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 42 رنز سے شکست دے کر پی ایس ایل کے چیمپئن کا تاج اپنے سر پر سجالیا۔