مردان ( نمائندہ جنگ)مردان میں اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے جگہ جگہ شاہراہیں بلاک کردیں اورمطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں 25مئی کو صوبہ بھر میں سکول بند کرنے اور خیبرپختون خوا اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔ آل ٹیچرز کوارڈینیشن کونسل کے صوبائی صدر محمد شاہ اور چیئرمین اسلام الدین خان کی قیادت میں سینکڑوں اساتذہ نے ضلعی سیکرٹریٹ سے احتجاجی ریلی نکالی مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈز اوربینرز تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے ریلی کے شرکاء نے عدل چوک اور بعدازاں باچاخان چوک تک مارچ کیا اورروڈ کو ہرقسم ٹریفک کے لئے بلاک کردیا اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کی اس موقع پرریلی سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر محمد شاہ ، چیئرمین اسلام الدین ، جائنٹ سیکرٹری عثمان سنگر، کوارڈینیشن کونسل کے ضلعی صدر محمدسراج ،ملگری استاذان کے صدر مرتضیٰ خان قاسمی ،جنرل سیکرٹری اکرام باچا اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اساتذہ مقدس پیشہ سے وابستہ ہیں لیکن اپنے جائز مسائل حل کے لئے دربدرکی ٹھوکریں کھارہے ہیں انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت تعلیم میں انقلاب لانے کی دعوے کررہی ہے قومی اسمبلی ممبران مہنگائی کی تناسب اپنی تنخواہوں میں 600سو فیصد اضافہ کے لئے ایک ہیں لیکن غریب کا کوئی پرسان حال نہیں ا مقررین نے کہاکہ اساتذہ اپنا حق لینا جانتے ہیں اورمطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں25مئی سے صوبہ بھر کے اساتذہ اپنے سکول بند کرکے پشاور اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیاجائے گا۔