ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے خواجہ آصف کے خلاف دائر کیے گئے 10 ارب روپے ہرجانہ کیس میں رہنما ن لیگ کی طرف سے گواہوں کو جرح کے لیے طلب کرنے کی درخواست منظور کرلی۔
ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد عدنان خان نے ہرجانہ کیس کی سماعت کی، خواجہ آصف کے وکیل علی شاہ گیلانی نے عدالتی حکم پر نظرثانی کی درخواست دائر کی جسے منظور کرلیا گیا۔
عمران خان نے شوکت خانم اسپتال سے متعلق بیان پر خواجہ آصف کے خلاف 15 نومبر 2012 کو ہرجانہ کیس دائرکیا تھا، وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ برس دسمبر میں ای کورٹ کے ذریعے ٹرائل کورٹ میں بیان ریکارڈ کروایا تھا۔
عدالت نے ہرجانہ کیس میں عمران خان کےدفاع میں بیانات ریکارڈ کرانے والے گواہوں کو 14 مارچ کو طلب کرلیا، عمران خان کی جانب سے وکلا نے 5 میں سے 2 گواہوں کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔
گواہوں کے بعد عمران خان کے بیان پر جرح کی جائے گی۔
ہرجانہ کیس میں 5 گواہوں نے عمران خان کے حق میں بیانات ریکارڈ کروائے تھے، عدالت نے ملزمان کے بیانات پر جرح کا حق ختم کیا تھا، جسے اسلام آباد ہائی کورٹ نے بحال کر دیا تھا۔
جرح کےحق کی بحالی پر عدالت نے گواہوں کو ویڈیو لنک پر جرح کیلئے پیش ہونے کا آپشن دیا تھا۔