متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ 10روپے خرچ کیے بغیر 4 مرتبہ رکن قومی اسمبلی بنا۔
کوئٹہ میں ایم کیو ایم ورکرز کنونشن سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ ہمارا جرم یہ تھا کہ ہم نے مہاجر قومی موومنٹ شروع کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس لیے یہ نام رکھا کہ مصلحتاً بھی منافقت کو پسند نہیں کیا، ہم یہ سمجھتے تھے جو ہجرت کرکے آئے ہیں وہ بھی پاکستانی تھے۔
ایم کیو ایم سربراہ نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت مڈل کلاس طبقے سے تعلق رکھتی تھی، رات کےاندھیرے میں ہماری آواز دبانے کے لئے آپریشن کیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارا بڑا جرم یہ تھا کہ غریب اور مڈل کلاس کو ایوان میں بھیجا، آج پھر وعدہ کرتا ہوں آئندہ بھی عام طبقے کو ایوانوں میں بھیجیں گے۔
خالد مقبول صدیقی نے یہ بھی کہا کہ ہم بلوچستان میں نوجوانوں کو دعوت دینے آئے ہیں، یہ شمولیت کی نہیں بلکہ شراکت کی دعوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کئی آپریشن بھگتنے کے بعد بھی وعدہ ہے عام پاکستانیوں کو ایوانوں میں بھیجیں گے، 4 مرتبہ قومی اسمبلی کا رکن بنا، 10 روپےبھی الیکشن میں خرچ نہیں کیے۔
ایم کیو ایم سربراہ نے کہا کہ جو ووٹ دیتے ہیں وہی الیکشن میں میرے پوسٹر اور بینرز لگاتےہیں۔