• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان بزدار نے پرویز الہٰی کیلئے عہدہ چھوڑنے پر آمادگی ظاہر کردی



وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چوہدری پرویز الہٰی کےلیے عہدہ چھوڑنے پر آمادگی ظاہر کردی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے پارٹی قیادت کو پیغام بھجوادیا ہے کہ میرے استعفیٰ سے معاملات حل ہوتے ہیں تو عہدہ چھوڑنے کو تیار ہوں۔

انہوں نے کہاکہ علیم خان کے بجائے چوہدری پرویز الہٰی کےلیے وزارت اعلیٰ کا عہدہ چھوڑسکتا ہوں۔

ذرائع کے مطابق عثمان بزادر نے پارٹی قیادت پر واضح کیا کہ ارکان اسمبلی کی اکثریت کے جذبات علیم خان کے خلاف ہیں، وہ انہیں قبول نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا منصب پرویز الہٰی کو دیا جائے یا انہی کے پاس رہنے دیا جائے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے قیادت کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا جبکہ پرویز الہٰی نے عثمان بزدار کے ان سے متعلق مثبت جذبات پر اظہار تشکر کیا ہے۔

پرویز الہٰی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ان کا نام تجویز کرنے پر عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے استعفیٰ کی پیشکش کو مسترد کیا اور کہا کہ عثمان بزدار ایک آسان ٹارگٹ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو وزیراعلیٰ کے امیدوار ہیں صرف اُن کو عثمان بزدار برا لگتا ہے، آپ کی مخالفت وہ لوگ کررہے ہیں جو خود وزیراعلیٰ کے امیدوار ہیں۔

قومی خبریں سے مزید