• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان بزدار کی تبدیلی کی گونج وفاق میں بھی سنائی دینے لگی


پنجاب کے بعد وفاق میں بھی عثمان بزدار کی تبدیلی کی گونج سنائی دینے لگی، مرکزی حکومت کے کئی اہم وزراء عثمان بزدار کی تبدیلی کے حامی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو وفاقی حکومت کے کئی اہم سینئر وزراء نے عثمان بزدار کی تبدیلی کا مشورہ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری بھی پنجاب میں وزرات اعلیٰ کی تبدیلی کے سب سے بڑے حامی ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر اور گورنر پنجاب چوہدری سرور بھی ملک کے سب سے بڑے صوبے میں تبدیلی کے خواہشمند ہیں۔

وزیر دفاع پرویز خٹک بھی پنجاب میں گورننس میں بہتری اور پارٹی امیج بہتر کرنے کے لیے عثمان بزدار کی تبدیلی کے حامی ہیں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی پنجاب میں متحرک پارٹی شخصیت کو وزیراعلیٰ دیکھنے کے خواہشمند ہیں، آج قیادت کے ساتھ مشاورت میں اس حوالے سے رائے دیں گے۔

ادھر اسلام آباد میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں اپنا استعفیٰ پیش کیا جو عمران خان نے قبول کرنے سے انکار کردیا اور انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری طرف گورنر سندھ عمران اسماعیل اور فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پنجاب حکومت کے سابق سینئر وزیر علیم خان سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق گورنر سندھ نے ملاقات میں علیم خان کو وزیراعظم کا پیغام پہنچایا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے گورنر عمران اسماعیل اور فواد چوہدری نے ملاقات کی اور کہا کہ علیم خان، جہانگیر ترین اور باقی دوست پارٹی کا اثاثہ ہیں۔

ایک بیان گورنر سندھ کہہ چکے ہیں کہ نہیں لگتا کہ کوئی ایسی مجبوری یا دوری اتنی ہوجائے کہ قریب بھی نہیں آسکیں، ان شاءاللہ سارے حالات ٹھیک ہوجائیں گے، میں سمجھتا ہوں آج بیٹھ کر چیزوں کو ہینڈل کرلیں گے۔

عمران اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ علیم خان آج بھی پارٹی اسے اتنی ہی محبت کرتے ہیں جتنی کل کرتے تھے، تھوڑی ناراضگی کسی معاملے پر ہوجاتی ہے، ان معاملات کو حل کرلیں گے۔

عامر کیانی نے کہا کہ علیم خان سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی آج وزیر اعظم کے سامنے تمام معاملات رکھے گی، ملاقات میں کیا مطالبات آئے وہ ابھی میڈیا کو نہیں بتا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ علیم خان پارٹی کے وفادار رہنما ہیں، علیم خان نے جو امور ہمارے سامنے رکھے ہیں اس سے وزیر اعظم کو آگاہ کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید