وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا چیئرمین پیپلز پارٹی کے حوالے سے کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو ان کے حال پر چھوڑ دیں، کچھ کیس ایسے ہوتے ہیں جنہیں صرف انجوائے کیا جا سکتا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ایک دوسرے کا پوسٹ مارٹم کرنے والے مخالفین آج اکٹھے ہو گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جو چاہے کرے، وزیرِ اعظم عمران خان کو کامیابی ہو گی، نہ چھانگا مانگا ہے، نہ مری کہ جہاں لوگوں کو چھپایا جائے، چھانگا مانگا کی سیاست ختم ہو گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ اپریل فول منائیں گے، اسپیکر کے پاس 14 روز ہوتے ہیں، وہ جب چاہیں اجلاس بلا سکتے ہیں، اسپیکر کے اختیارات کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے اپنا شوق پورا کر لیں، عمران خان جیتنے جا رہے ہیں، ہارنے والوں کو امپائر کے نیوٹرل رہنے کے بیان پر قائم رہنا ہو گا۔
وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ پولیس کے تمام آئی جیز اور چیف سیکریٹریز کو دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی ہدایت کی ہے، رواں ماہ وزیرِ اعظم عمران خان ای پاسپورٹ کا اجراء کریں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ 23 سے 30 مارچ تک ہفتہ اہم ہے، ہارس ٹریڈنگ کو ختم کرنے کے لیے اسپیکر کو اختیارات دیے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کو 172 افراد کو لے کر اسمبلی آنا ہے، جو لوگ بکے ہیں تحریکِ انصاف کے کارکن ان کا گھیراؤ کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک وزیرِ اعظم عمران خان کے لیے باعثِ اطمینان بنے گی، تینوں پارٹیاں انجمن مفادِ باہمی کے تحت اکٹھی ہوئی ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ نہ ہم امریکن بلاک میں ہیں، نہ چینی اور نہ روسی بلاک میں ہیں، ہم تمام ملکوں کے ساتھ ہیں، ہماری آزاد خارجہ پالیسی ہے۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا کوئی آدمی ووٹر کی توہین کرے گا تو وزیرِ اعظم عمران خان ایکشن لیں گے، پورا یقین ہے کہ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے عمران خان کے ساتھ کھڑی ہوں گی۔