قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نیازی جو زبان اور ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے وہ قابل مذمت ہے، ہم عمران نیازی کو ملک کو ترقی کے ٹریک سے اتارنے کی اجازت نہیں دیں گے، تم ڈی چوک آنا چاہتے ہو تو آؤ ہم تمہیں ناکوں چنے چبوائیں گے۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے اظہار افسوس کے لئے آیا تھا، کل جمعیت علماء اسلام کے ارکان کے ساتھ ظلم ہوا، اس سے بدترین مثال پارلیمان کی تاریخ میں نہیں ملتی، مولانا فضل الرحمان نے انتہائی بردباری اور تحمل کا راستہ اپنایا۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ کرپشن عمران خان کے گھر میں ہے، عمران خان کی بہن علیمہ خان کے پاس بیرون ملک جائیدادیں کہاں سے آئیں؟
شہباز شریف نے کہا کہ تم جس طرح کی زبان استعمال کررہے اس کی مہذب معاشرے میں اجازت نہیں، میں تمہیں خبردار کرتا ہوں کہ اپنی زبان کو قابو میں رکھو ورنہ ہمیں قابو کرنا آتا ہے، نمل یونیورسٹی کے لیے آنے والا پیسہ کیوں ڈکلیئر نہیں کیا، تم کہتے ہو شہباز شریف بوٹ پالش کرتا ہے، تم کیا کرتے ہو۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ہم جمہوری اور سیاسی طور پر مقابلہ کریں گے، میں اس کو اچھی طرح جانتا ہوں، اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے، آئین کے مطابق پارلیمان کے ذریعے نیازی کی حکومت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جمہوریت کیلیے اپوزیشن نے قربانیاں دی ہیں، پارلیمنٹ لاجز میں ظلم اور بربریت کی گئی، ہماری فوج نے قربانی دی اور تم نے لندن میں بیٹھ کر فوج کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کی۔
انہوں نے کہا کہ مشرف نے ہماری حکومت گرائی تو اس دوران میں مختلف جیلوں میں رہا۔