پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ بھی اداکارہ ثناء جاوید کا ساتھ دینے میدان میں آگئے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر فہد مصطفیٰ نے ثناء جاوید کے ہمراہ اپنی تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی اداکارہ کے لیے حمایتی پیغام بھی لکھا۔
فہد مصطفیٰ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ میں نے ثناء جاوید کے ساتھ مختلف پراجیکٹس پر کام کیا ہے اور وہ پچھلے 2 سالوں سے میرے شو کا حصہ ہیں اور ان دنوں میں نے انہیں ناصرف اپنے ساتھ بلکہ اپنی ٹیم کے ساتھ بھی انتہائی پروفیشنل اور شائستہ پایا۔
اداکار نے ثناء جاوید کے لیے مزید نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
خیال رہے کہ پاکستانی فلم و ڈرامہ اداکارہ ثناء جاوید کے نامناسب رویے سے متعلق سوشل میڈیا پر اس وقت شوبز انڈسٹری کے دیگر فنکاروں کی جانب سے کی جانے والی متعدد پوسٹس وائرل ہیں۔
ثناء جاوید کے لیے سوشل میڈیا پر متعدد شوبز انڈسٹری کی شخصیات اپنے ناگوار تجربات سے متعلق پوسٹس شیئر کر کے اُن کے چھپے ہوئے دوسرے چہرے سے پردہ اٹھا رہے ہیں جن پر انٹرنیٹ صارفین حیران و پریشان نظر آ رہے ہیں۔
دوسری جانب ثنا جاوید نے معروف شخصیات کی جانب سے منفی رویے کے حوالے سے لگائے جانے والے الزامات پر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔