پاکستان کی متنازع ٹک ٹاک اسٹار و اداکارہ حریم شاہ نے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کی اُردو پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول کی اُردو سب سے منفرد اور اسٹائل بھی مختلف ہے، ان شاءاللّٰہ! وہی اگلے وزیراعظم ہوں گے۔
حال ہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عوامی مارچ سے خطاب کے دوران زبان پھسلنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلاول بھٹو نے جیالوں کا جوش بڑھانے کے لیے کہا کہ ’آپ کا جوش و جذبہ اسلام آباد کو ہلا رہا ہے اور اسلام آباد کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں،‘ یعنی اُنہوں نے خطاب کے دوران ٹانگیں کو ’کانپیں‘ اور ’کانپ‘ کو ’ٹانگ‘ کہہ دیا تھا۔
بلاول کی لفظوں میں گڑبڑ کے بعد ’کانپیں ٹانگ‘سوشل میڈیا ٹرینڈ بن گیا تھا جس کے بعد عام عوام سمیت شوبز شخصیات کی جانب سے بھی بلاول کے جملوں پر پیروڈی ویڈیوز بنائی گئیں۔
اب اس ویڈیو پر ردّعمل دینے کے لیے حریم شاہ نے انسٹاگرام کا رُخ کیا جہاں اُنہوں نے اپنا ایک تفصیلی ویڈیو پیغام جاری کیا۔
حریم شاہ نے بلاول بھٹو کا ساتھ دیتے ہوئے کہا کہ غلطی کوئی بھی کرسکتا ہے، اسی طرح بلاول سے بھی بولنے میں تھوڑی گڑ بڑ ہوگئی، اگر ہم نے سورۃ حجرات پڑھی ہوتی یا ہمیں کچھ شرم ہوتی تو ہمیں معلوم ہوتا کہ کسی کا مذاق اُڑانا کتنی غلط بات ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم میں کوئی بھی انسان بہت اچھی اُردو نہیں بول سکتا اور غلطی تو ہر دور میں کسی نہ کسی سیاستدان یا مشہور شخصیت سے ہوئی ہے، اس پر مذاق اُڑانا درست نہیں۔
ٹک ٹاک اسٹار نے کہا کہ بلاول کی تعلیمی ڈگری بین الاقوامی ہیں جس کی وجہ سے سب اُن کی اُردو کا مذاق اُڑاتے ہیں لیکن انسان وقت کے ساتھ ہی سیکھتا ہے اور میری نظر میں بلاول بھٹو کی اُردو سب سے منفرد ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہمیں خوش ہونا چاہیے کہ بلاول جیسا نوجوان اور خوبصورت انسان سیاست میں آگے آرہا ہے اور ان شاءاللّٰہ مستقبل میں وہی پاکستان کے وزیراعظم ہوں گے۔
حریم شاہ نے بلاول کے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جن سیاستدانوں نے بلاول بھٹو کا مذاق اُڑایا ہے اُنہیں کچھ شرم کرنی چاہیے کہ اتنے بڑے عہدے پر بیٹھ کر وہ معصوم اور نوجوان بلاول کا مذاق اُڑا رہے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں بلاول سے بہت محبت کرتی ہوں، میری سپورٹ بھی اُن کے ساتھ ہے اور بلاول ہمارے اگلے وزیراعظم ہیں۔