اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی تحریک انصاف کے جہانگیر ترین گروپ سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق ترین گروپ نے ن لیگی وفد سے سیاسی مستقبل پر گفتگو کی اور کہا کہ ذہنی طور پر حکومت سے علیحدگی کے لیے تیار ہیں۔
دوران ملاقات ترین گروپ نے حمزہ شہباز سے مطالبہ کیا کہ ہمیں آئندہ انتخابات میں ٹکٹوں کی یقین دہانی کرائی جائے۔
ذرائع کے مطابق ترین گروپ نے ن لیگی وفد کو بتایا کہ ملاقات کی تفصیل سے جہانگیر ترین کو آگاہ کریں گے، وہ جو بھی فیصلہ کریں گے وہ ہمیں منظور ہوگا۔
حمزہ شہباز سے گفتگو کے دوران ترین گروپ نے کہا کہ مائنس عثمان بزدار پر ہم آپ کے ساتھ ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ تعاون طویل ہوناچاہیے۔
ذرائع کے مطابق ترین گروپ نے ن لیگی وفد کے روبرو کہا کہ عوامی مسائل کے باعث حکومتی ارکان کا حلقوں میں جانا مشکل ہے۔
حمزہ شہباز نے دوران گفتگو کہا کہ آپ کے جذبات پارٹی قیادت کے سامنے رکھیں گے، پنجاب سے متعلق سب سے مل کر بہتر فیصلے کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ عمران خان حکومت نے جہانگیر ترین کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا ہے، دعا ہے کہ ملک کے لیے ہمارا اقدام اچھا ہو۔
ذرائع کے مطابق ن لیگی وفد سے ملاقات میں ترین گروپ کے ممبران صوبائی اسمبلی موجود تھے، میٹنگ میں کوئی ایم این اے شریک نہیں تھا۔