• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ٹیسٹ کا چوتھا دن ختم، پاکستان کے 2 وکٹوں پر 192 رنز


پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 506 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور نوجوان بلے باز عبداللہ شفیق نے میراتھن پارٹنرشپ بناکر چوتھا دن ختم کروادیا۔ 

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری اس ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے 97 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کیلئے 506 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب کے لیے پاکستان کی دوسری اننگز میں بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ ہوا اور محض 2 رنز پر پہلے ٹیسٹ کے مین آف دی میچ امام الحق ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ 21 کے مجموعے پر اظہر علی بھی آؤٹ ہوگئے۔ 

ایسے میں بابر اعظم اور عبداللّٰہ شفیق نے شاندار شراکت بنائی جبکہ قومی ٹیم کے کپتان نے اپنے کیریئر کی چھٹی اور آسٹریلیا کے خلاف دوسری سنچری بھی مکمل کی۔ 

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

دن کے اختتام تک دونوں بیٹرز کے درمیان اب تک 358 گیندوں پر 171 رنز کی پارٹنرشپ ہوچکی ہے۔ 

کپتان بابر اعظم 102 اور عبداللّٰہ شفیق 71 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں جو پانچویں دن کھیل کا آغاز کریں گے جبکہ آخری دن پاکستان کو جیت کے لیے 314 رنز درکار ہیں۔ 

اس سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور مارنوس لابوشین نے گزشتہ روز کی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔

دوسری اننگز میں اظہر علی کے ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہونے کا منظر

چوتھے دن کے ابتداء میں ہی مہمان ٹیم کو 97 کے مجموعی اسکور پر 44 رنز بنانے والے مارنوس لابوشین کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔

مارنوس لابوشین کو شاہین آفریدی نے بولڈ کیا جس کے فوری بعد مہمان کپتان نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔

دوسری اننگز میں امام الحق کے ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہونے کا منظر

آسٹریلیا نے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 505 رنز کی برتری حاصل کر لی  ہے اور پاکستان کو ٹیسٹ جیتنے کیلئے 506 رنز کا ہدف ملا ہے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹیسٹ میں گزشتہ روز پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 148 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 556 رنز 9 وکٹ پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید