ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا ہے کہ ایران کے جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے ہونے والے ویانا مذاکرات پر کوئی بھی چیز منفی اثر نہیں ڈال سکتی۔
ماسکو میں روسی ہم منصب سرگئی لارووف کے ساتھ مشترکا پریس کانفرنس میں ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں رکاوٹ مسائل کے حل اور فریقین کے جوہری معاہدوں پر واپسی کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ روسی وزیر خارجہ کو ایران کے جلد دورے کی دعوت دی ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر جوہری معاہدے پر بات چیت کے لیے روس کے سرکاری دورے پر ہیں۔
عالمی جوہری معاہدے پر بات چیت آخری لمحات میں روس کے پابندیاں ہٹانے کے مطالبے کے بعد رک گئی ہیں۔ روس نے جوہری معاہدہ بحالی سے پہلے ایران روس تجارت پر پابندیاں نہ ہونے کی ضمانت مانگی ہے۔
یوکرین پر روسی جارحیت کے بعد امریکا اور یورپ نے روس پر پابندیاں عائد کی ہیں۔