پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کراچی ٹیسٹ کے ڈرا ہونے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کی کرکٹ کی تعریف کردی۔
میچ کے بعد پریزینٹر کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ اس میچ میں آسٹریلین ٹیم نے جو کوششیں کیں اور ہمت دکھائی اس سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم کسی بھی وقت ہمت نہیں ہاری، انہوں نے بہت عمدہ کوشش کی، وہ ہر وقت اور حتیٰ کہ آخری لمحات میں بھی کوشش کرتے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ذہن میں تھا کہ یہ لوگ باؤنس بیک کریں گے۔
رضوان نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں پانچ سیشن اور وہ بھی عالمی نمبر ایک ٹیم کے خلاف کھیلنا بہت بڑی بات ہوتی ہے۔
وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ یہ وہ میچ ہے جس سے ہماری ٹیم کو اب آگے اٹھنا ہے۔
دوسری اننگز کی حکمت عملی سے متعلق انہوں نے کہا کہ کوچ نے ایک پیغام دیا تھا کہ یہ کام تھا بہادری کا سارا، پانچ سیشن کھیلنا اور سیشن پر سیشن کھیلنا۔
رضوان نے کہا کہ آخری لمحات میں جتنا میچ بڑھتا رہتا ہے پریشر آتا رہتا ہے، بس ایک چیز پر ایمان رکھتا ہوں کہ جو اللّٰہ نے کرنا ہے وہ تو کرنا ہے، بس میں اپنی کوششیں دے سکوں اور میچ کے اختتامی لمحات میں اپنے آپ کو اطمینان سے رکھا۔