پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پرامید ہیں عمران خان آخری جلسے میں استعفیٰ کا اعلان کریں گے۔
اسلام آباد میں شازیہ مری کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پرویز الہٰی کے انٹرویو سے ظاہر ہورہا ہے کہ ان کے اتحادی چھوڑ کر جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وزیراعظم عمران خان آخری جلسے میں اپنے استعفے کا اعلان کرنے جارہے ہیں۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت عوام اور پارلیمنٹ کا مینڈیٹ کھوچکی ہے، ہم پارلیمنٹ کے باہر اور اندر ان کے خلاف لڑ رہے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ آج عمران خان بی اے پی، جی ڈی اے اور چوہدری شجاعت سے این آر او مانگ رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ آپ کے اپنے اتحادیوں اور پارلیمنٹرین نے آپ پر عدم اعتماد کردیا ہے، ہم ان کو بھاگنے نہیں دیں گے ان کی منزل اڈیالہ جیل ہے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ ہر ایم این اے کا حق ہے کہ وہ اپنا ووٹ استعمال کرے، لیکن حکومت انہیں دھمکیاں دے رہی ہے۔