کراچی ٹیسٹ میں بابر اعظم کی زندگی کی بہترین اور یادگار اننگز کے بعد بابر کا نامکمل مِشن نائب کپتان محمد رضوان نے مکمل کیا۔
محمد رضوان کی ناقابل شکست سنچری آسٹریلیا کی فتح کی راہ میں رکاوٹ بنی اور اس طرح دوسرا ٹیسٹ سنسنی خیز ڈرامے کے بعد ڈرا ہوا۔
شکست ٹالنے میں اہم کردار ادا کرنے والے محمد رضوان میچ کے اختتام پر جب ڈریسنگ روم کی جانب آئے تو کپتان بابر اعظم سے بڑے جوش و خروش سے ہنستے مسکراتے گلے مِلے۔
سوشل میڈیا پر صارفین اس ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کررہے ہیں، کسی نے جوڑی کو 152 کا خطاب دیا کیونکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ میں جوڑی نے 152 رنز بنائے تھے اور میچ جیتا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کراچی ٹیسٹ ڈرا کی صورت میں اختتام پذیر ہوا اور اس کے لیے قومی بیٹرز نے 6 سیشنز میں بیٹنگ کی۔
ان تمام چھ سیشنز کو کھیلنے والے بابر اعظم واحد بیٹر تھے، جبکہ ان کا ساتھ عبداللہ شفیق اور محمد رضوان نے نبھایا جنہوں نے بالترتیب 96 اور 104 رنز بنائے تھے۔