• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی آئی جی مقصود میمن، سیاسی مقصد نہیں، یوم پاکستان کی پریڈ کی وجہ سے اسلام آباد میں ہیں، ترجمان

ڈی آئی جی سیکورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد میمن یوم پاکستان کے موقع پر 23 مارچ کی پریڈ میں سندھ پولیس کے دستے کی خصوصی شرکت کے انتظامات کی وجہ سے اسلام آباد میں ہیں۔ 

پولیس ذرائع نے مقصود میمن کے کسی اور مقصد کی وجہ یا سندھ ہاؤس کے سیاسی حوالے سے اسلام آباد میں موجودگی کی تردید کی ہے۔ 

ترجمان ایس ایس یو نے ڈی آئی جی مقصود میمن کی جمعرات کو مصروفیات اور پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد کے دورے کی تفصیلات جاری کردیں۔ ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی مقصود میمن نے پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد کا دورہ کیا اور پریڈ انتظامات کا جائزہ لیا۔ 

ترجمان کے مطابق سندھ پولیس کے 371 اہلکاروں کا خصوصی دستہ یوم پاکستان کی پریڈ میں شریک ہوگا۔ پریڈ 2022 میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے 182 کمانڈوز شریک ہوں گے۔ کراچی کی ضلعی پولیس کی نفری، ٹریفک پولیس کے 131 اہلکار پریڈ 2022 کا حصہ ہیں۔ 

ترجمان کے مطابق کراچی پولیس کی ریپڈ رسپانس فورس آر آر ایف کے 58 اہلکار پریڈ میں شریک ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق یوم پاکستان پریڈ 2022 کی ریہرسل میں سندھ پولیس نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ 

اس موقع پر گفتگو میں ڈی آئی جی سیکورٹی مقصود میمن نے کہا کہ جوائنٹ سروسز پاکستان ڈے پریڈ یوم قرارداد کی یاد میں منعقد کی جانے والی سالانہ پریڈ ہے اس دن عسکری طاقت کا مظاہرہ کرکے ملک دشمنوں کو یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ مسلح افواج کے جوان ہر قیمت پر ملک کے دفاع کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے دستے کا مورال بلند ہے اور وہ 23 مارچ 2022 کو مسلح افواج کے ساتھ مل کر پریڈمیں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

قومی خبریں سے مزید