• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال20مارچ کو ’خوشی‘ کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد لوگوں کو خوش رہنے کے نفسیاتی اور دماغی صحت کے فوائد سے آگاہ کرنا ہے۔ 2012ء میں اقوام متحدہ نے تسلیم کیا کہ خوشی اور خوش رہنا انسان کا بنیادی مقصد ہے، جس کے بعد 2013ء سے باقاعدہ اس دن کو منانے کی تجویز منظور کی گئی۔ 

خوشی کے عالمی دن کی مناسبت سے دنیا بھر میں سرکاری و نجی اداروں اور تنظیموں کے زیر انتظام مختلف تقریبات اور پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ خوشی دلوں میں وسعت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اعتماد کا احساس بیدار کرتی ہے اور تکالیف کو برداشت کرنے کا حوصلہ بھی دیتی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ خوش مزاج لوگ رشتوں کو بہتر اور کامیاب انداز سے نبھاتے ہیں اور وہ تخلیقی اور تعمیری صلاحیتوں کے بھی مالک ہوتے ہیں۔

ایک تحقیق کے مطابق خوش باش افراد طویل عمر پاتے ہیں۔ تاہم ،آجکل کے دور میں، جب ہرطرف مسائل کا انبار اور پریشانیاں موجود ہوں تو ایسے میں خوش رہنے کے مواقع ڈھونڈنا مشکل ہوجاتا ہے۔ جب ہم ناخوش ہوتے ہیں تو اس کا اثر ہماری زندگی اور تعلقات پر بھی پڑتا ہے۔ خوشی کا مطلب مختلف لوگوں کے لیے مختلف ہوسکتا ہے۔

کسی شخص کے لیے خوشی کا مطلب یہ ہوسکتا ہے کہ وہ کس قدر مطمئن زندگی گزار رہا ہے، کسی کے لیے خوشی کا مطلب بے غرض دوستوں کا ساتھ ہوسکتا ہے جبکہ کسی کے لیے خوشی کا مطلب اپنے خوابوں کا پیچھا کرنا ہوسکتا ہے۔ آپ کے لیے چاہے خوشی کا مطلب کچھ بھی ہو، ایک خوش اور مطمئن زندگی گزارنا آپ کی پہنچ میں ہے۔ آپ اپنے روزمرہ معمولات میں تھوڑی سی تبدیلیاں لاکر خوشیاں حاصل کرسکتے ہیں، آپ جسمانی اور دماغی طور پر خود کو خوش اور مطمئن محسوس کریں گے۔ اچھی عادتیں ہمارے اندر بستی ہیں، تو پھر کیوں نہ اپنی اچھی عادتوں کو اپنے روزمرہ معمولات کا حصہ بنالیں؟

روزانہ کی عادتیں

ذیل میں کچھ ایسی عادتوں کا ذکر ہے، جن پر عمل کرکے آپ خوش اور مطمئن زندگی کے سفر کا آغاز کرسکتے ہیں۔

مسکرائیں: جب آپ خوشی محسوس کرتے ہیں تو مسکراتے ہیں۔ دراصل یہ دو طرفہ ٹریفک ہے۔ جب آپ مسکراتے ہیں تو دماغ ڈوپامائن کو ریلیز کرتا ہے، جو آپ کو مزید خوشی دینے کا باعث بنتا ہے۔ تاہم، اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ ہر وقت اپنے چہرے پر مصنوعی مسکراہٹ سجائے رکھیں۔ لیکن اگلی بار جب کبھی آپ کا موڈ ٹھیک نہ ہو تو ایک بار مسکرا دیں اور پھر دیکھیں کہ کیا جادو ہوتا ہے۔

ورزش: ورزش صرف آپ کے جسم کے لیے نہیں ہوتی۔ باقاعدگی سے ورزش کرنے سے نہ صرف ذہنی تناؤ، انزائٹی اور ڈپریشن کی علامات پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ یہ آپ کی خوداعتمادی اور خوش مزاجی میں بھی اضافہ کرتی ہے۔

مناسب نیند: جدید زمانہ چاہے آپ کو نیند سے کتنا ہی دور کیوں نہ لے جائے، ہم یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ جسمانی صحت، دماغی صلاحیت اور جذباتی صحت کے لیے نیند کس قدر اہمیت رکھتی ہے۔ زیادہ تر بالغ افراد کو روزانہ رات میں 6سے 7گھنٹے نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر دن کے وقت آپ کو تھوڑی دیر آرام کرنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو اس کا یہ مطلب ہے کہ آپ کا جسم بتارہا ہے کہ آپ کو رات کے وقت مزید نیند کی ضرورت ہے۔

موڈ کو مدِنظر رکھتے ہوئے کھانا

آپ جو کچھ کھاتے ہیں اس کا آپ کی مجموعی جسمانی صحت پر اثر پڑتا ہے۔ لیکن ان غذاؤں کا صرف جسمانی صحت نہیں بلکہ دماغی صحت پر بھی اثر ہوتا ہے۔ مثلاً کاربوہائیڈریٹس اچھا محسوس کرنے والا ہارمون ’سیروٹونین‘ خارج کرتے ہیں۔ لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ چینی اور نشاستے سے بھرپور کاربوہائیڈریٹس سے دور رہیں کیونکہ ان سے حاصل ہونے والی توانائی جسم میں تھوڑی دیر ہی برقرار رہتی ہے۔ 

اس لیے سبزیاں، پھلیاں اور اناج بہتررہتے ہیں۔ اس کے علاوہ بغیر چربی گوشت، پولٹری، پھلی اور ڈیری مصنوعات میں بھرپور پروٹین پایا جاتا ہے۔ یہ کھانے ڈوپامائن اور نورپائن فرائن خارج کرتے ہیں، جو توانائی اور توجہ میں بہتری پیدا کرتے ہیں۔ بہت زیادہ پراسیسڈ یا تلی ہوئی غذائیں آپ میں توانائی کی کمی پیدا کرتی ہیں۔ اسی طرح اگر آپ کھانا نہیں کھائیں گے تو بھی آپ کو توانائی کی کمی محسوس ہوگی۔ اس لیے روزانہ ایک بہتر غذا کے انتخاب سے شروع کریں۔

شکرگزاری کا اظہار

شکر گزار رہنے کے کئی فوائد ہیں، جن میں ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ آپ کا موڈ بہت اچھا رہتا ہے۔ مثلاً، ’دی جرنل آف پوزیٹو سائیکالوجی‘ کی دو حصوں میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ شکرگزار افراد زیادہ پُرامید اور خوش رہتے ہیں۔ ہر دن کی شروعات ایک ایسی چیز پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے سے کریں، جس نے آپ کی زندگی میں آسانیاں پیدا کی ہوں یا وہ آپ کو خوشی دیتی ہو۔

دوسروں کو سراہنا

’جرنل آف سوشل سائیکالوجی‘ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، دوسروں کے ساتھ شفقت سے پیش آنے اور انھیں سراہنے سے انسان زیادہ اطمینان محسوس کرتا ہے۔ کسی کو ایماندارانہ اور برجستہ انداز میں سراہنے سے آپ نہ صرف اس کے دن کو اچھا بنادیتے ہیں بلکہ اس سے آپ کی خوشی اور اطمینان میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ سراہنے کے اس عمل کوپُراثر بنانے کے لیے آپ سامنے والے کو اپنی طرف متوجہ کریں اور باقاعدہ تعریفی جملہ ادا کریں۔ آپ کو حیرانی ہوگی کہ اس عمل سے آپ کو کس قدر خوشی محسوس ہوتی ہے۔

گہرے اور لمبے سانس لینا

اگر آپ شخصیت میں تناؤ اور اپنے کندھوں میں کھنچاؤ محسوس کررہے ہیں تو ایسے میں خود کو پرسکون کرنے کے لیے لمبی اور گہری سانس لیں۔ ہارورڈ ہیلتھ کے مطابق، گہرے سانس کی ورزشوں کے ذریعے آپ تناؤ میں کمی لاسکتے ہیں۔