علمی ماہرین کی رائے کے مطابق ،کسی نئی زبان کو سیکھتے وقت طالب علموں کی توجہ کا محور گرامر کی بہتری کے بجائے ذخیرہ الفاظ بڑھانے جیسے طریقے ہونا چاہیے۔ پھر چاہے وہ نئی زبان، عالمی زبان انگریزی ہو فرنچ یا چائینیز، ذخیرہ الفا ظ کسی بھی زبان میں اظہارِ مطلب کے لیے نہایت اہم تصور کیا جاتا ہے۔
ذخیرہ الفاظ کی اہمیت بھی کسی لکھاری کے لازمی ہتھیار مثلاً گرامر، رموز اوقاف اور دیگر کی طرح خاص اہم ہے یہ ذخیرہ جتنا وسیع ہوگا تحریر اتنی ہی طاقتور اور مؤثر تسلیم کی جائے گی۔ ذخیرہ الفاظ میں اضافہ آپ کی تحریر کو زیادہ واضح اور جامع روپ میں ڈھالے گا جس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ افراد آپ کی بات زیادہ آسانی سے سمجھ پائیں گے۔
ذاتی لغت بنائیے
اسکول کا زمانہ یاد کیجیے، جب آپ فرسٹ یا سیکنڈ کلاس میں تھے، جب ہمیں کلاس ٹیچر کی جانب سے ہم کوئی بھی نیا لفظ سیکھنے کے بعد اسے علیحدہ سے نوٹ بک یا انگلش کی نوٹ بک میں ہی ہاف کیے گئے پورشن میں کاپی کرنے کا کہا جاتا تھا، علمی ماہرین کے مطابق، ذاتی لغت ذخیرہ الفاظ بڑھانے کا سب سے مؤثر طریقہ تصور کیا جاتا ہے۔
یہی نہیں ذاتی لغت آپ کی سیکھنے کی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہے لہٰذا کسی معیاری پبلشر کی لغت خریدنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے علاوہ اپنی ایک ذاتی لغت بطور نوٹ بک یا فون نوٹ پیڈ پر تیار کیجیے وہاں روزانہ سیکھے گئے الفاظ کا ذخیرہ کریں۔
نئے الفاظ کا فوراً استعمال
کسی نئے لفظ کو سیکھنے کے بعد فوراً جملوں میں استعمال کرنا ضروری ہے، مثال کے طور پر، جب بھی آپ کوئی نیا لفظ سیکھیں، اس لفظ کا استعمال اپنی گفتگو میں کرنا شروع کریں، ہر روز گفتگو میں یا لکھائی میں کم ازکم کسی ایک نئے لفظ کااضافہ لازمی کیجیے، کوئی نیا لفظ سیکھنے کے بعد، جملوں میں اس لفظ کا استعمال جتنی جلدی ممکن ہواتنا جلدی کیا جائی پھر بار بار اسے اپنی گفتگو میں دہرانے کی بھی کوشش کریں تاکہ یہ ذہن میں نقش ہوجائے۔
مختلف طریقوں سے باقاعدہ مطالعہ کیجیے
مطالعہ ذخیرہ الفاظ میں اضافہ کابہترین اور مؤثر طریقہ کارہے ، مطالعہ کے ذریعے آپ نئے الفاظ سیکھنے کے ساتھ ساتھ روزمرہ زندگی میں ان لفظوں کامناسب اور مؤثر استعمال بھی سیکھ پاتے ہیں۔ کتابوں، میگزین یا اخبارات پڑھتے وقت ایسے الفاظ جن کے معنی معلوم نہ ہوں تو ان کی وضاحت کے لیے ڈکشنری کی مدد لیں، اس طرح وہ الفاظ آپ کے ذہن میں اپنی جگہ بنا لیں گے اور پھر وقت پڑنے پر خود بخود آپ کے ذہن میں آموجود ہوتے ہیں، جنہیں آپ اپنی بات چیت یا تحریر میں بآسانی استعمال کرلیتے ہیں۔
دقیانوسی ذہن کے مالک افراد مطالعہ کے شوقین افراد کو کتابی کیڑا پیش کرتے ہوئے بورنگ اور گوشَہ نَشين کہتے ہیں لیکن مختلف مطالعات ثابت کرچکے ہیں کہ مطالعہ کے شوقین افراد عام افراد کی نسبت اپنی رائے کا اظہار زیادہ خوبصورت لفظوں میں کرتے ہیں، لیکن اس بات کو یقینی بنائیں کہ مطالعہ مختلف مضامین، مختلف شکلوں میں موجود ہوں تاکہ آپ کی دلچسپی موجود رہے۔
ورڈ پزل سے سیکھیے
اخبار، میگزین یا پھر موبائل میں موجود Word Puzzle کی مختلف گیمنگ ایپس صرف ایک تفریح نہیں ہے بلکہ ذخیرہ الفاظ میں اضافے کا بہترین طریقہ کار ہے۔ مختلف لفظوں سے پزلز کی تیاری دماغی صلاحیت کو تیز کرنے کے لیے بہترین عمل ہے جو انسانی کردار مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
کروس ورڈ ایناگرام، ورڈ جمبل، ا سکریبل اور بوگل جیسے گیمز قارئین یا صارفین کے لیے ایک چیلنج تصور کی جاتی ہیں جنہیں کھیلنے یا بوجھنے والا اپنی یادداشت ودماغ پر زور ڈالتا ہے اوریہ طریقہ کار آپ کے دماغ میں موجود ورڈ بینک میں لفظوں کو منتقل کرنے کا ذریعہ بنتا ہے جو دوران تحریر آپ کے لیے سود مند ثابت ہوتا ہے۔
دوسرے لفظوں سے تعلق بنائیے
ریسرچ ثابت کرتی ہیں کہ انسانی دماغ کسی زبانی تصور کو کسی تصویر یادیگر تصور ات سے منسلک کرتے ہوئے زیادہ بہتر اور دیرپا انداز میں سیکھ سکتاہے ،مثال کے طور پر اگر آپ لفظ "temperament" (مزاج) سیکھ رہے ہیں تو اسےذہن میں حفظ رکھنے کے لیے لفظ ’’temperature" درجہ حرارت، سے جوڑدیں، اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ اس تعلق کی بنیاد پر آپ اس لفظ temperament کو یاد رکھنے کے قابل ہوجائیں گےکسی لفظ کو دوسرے لفظ سے جوڑنے کا اگر چہ معنی ومطالب سے کوئی تعلق نہیں ہوتا لیکن یہ لفظ دماغ کو دوسرالفظ یاد رکھنے قابل بنادیتے ہیں۔
سیاق وسباق سے تجزیہ کریں
مطالعے کے دوران، کسی نئے لفظ کو پڑھنے اور اس کے معنی تلاش کرنے کے بعد، بجائے اس کے آپ فوراًہی اس لفظ کو اپنی تحریر یا گفتگو کا حصہ بنائیں، اس کے برعکس سب سے پہلے آپ اس لفظ کےسیاق و سباق سے معنی و مفہوم تلاش کریں، یہ جاننے کی کوشش کریں کہ قاری نے اس لفظ کا استعمال کس سیاق واسباق میں اور کس مفہوم میں کیا ہے اگرچہ کسی لفظ کا تجزیہ تھوڑا مشکل کام ہے لیکن علمی ماہرین اس طریقہ کا ر ذخیرہ الفاظ بڑھانے کی ایک جدید ٹرک تصور کرتے ہیں۔
اپنا ٹیسٹ خود لیں
ہرنئے سیکھے جانے والے لفظوں کی فہرست روزانہ کی بنیادوں پر اپ ڈیٹ کریں ساتھ ہی ان لفظوں کو اپنی گفتگو اور تحریر دونوں کا حصہ بھی بنائیں۔
ہفتے کے آخر میں ان لفظوں کے کوئز تیار کرتے ہوئے اپنا امتحان خود لیں کہ آیا کس لفظ کو کس حد تک آپ کا دماغ ذہن نشین کرپایا ہے یا نہیں، یہ ٹیسٹ آپ کو تمام تر الفاظ اچھے سے یادداشت کا حصہ بنانے میں مدد کرے گا۔