آپ کو زندگی میں ایک ایسے وقت کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے جب ہر خواب ٹوٹتا ہوا محسوس ہوتا ہے، امید کی ہر کرن دم توڑتی نظر آنے لگتی ہے ایسے میں منفی سوچیں چاروں اطراف سے انسان کے گرد گھیرا تنگ کردیتی ہیں۔
بہت سے افراد منفی صورتحال سے دل برداشتہ ہوکر شکست تسلیم کرلیتے ہیں لیکن حوصلہ مند لوگ یہ مشکل وقت گزار جاتے ہیں۔ اگرچہ آپ ہمیشہ حالات کو قابو میں نہیں رکھ سکتے لیکن اپنے رد عمل کے ذریعے نتائج کا رخ مثبت سمت کی جانب ضرور موڑ سکتے ہیں۔
مشہور امریکی موٹیویشنل اسپیکر جوہن سی میک ویل کا کہنا ہے کہ
’’آپ چیلنجز کو چھوٹا کرکے نہیں بلکہ خود کو بڑا بنا کر کامیاب ہوتے ہیں‘‘
اگر آپ کسی بھی موڑ پر برے وقت کو اچھے وقت میں تبدیل کرنے کے خواہشمند ہیں تو ایسے وقت میں آپ کو ضرورت ہے’’سیلف موٹیویشن،، کی، یہی وہ واحد راستہ ہے جو مشکل وقت کو گزار کر آپ کو کامیابی سے ہمکنار کرسکتا ہے، دنیا کے ہر کامیاب شخص کے پیچھے،تھپ تھپاہٹ اور کچھ کر دکھانے کی ترغیب ہوتی ہے، جو ناممکن کو بھی ممکن کر دکھاتی ہے۔
لیکن سوال یہ ہے آخر ایک ایسے وقت میں جب ہر چیز آپ کے مخالف ہو خود کو حوصلہ مند کیسے رکھا جائے؟ اس حوالے سے ماہرین درج ذیل مفید مشورے دیتے ہیں۔
پر امید رویہ اپنائیں
سیانے کہتے ہیں انسان جیسی توقع کرتا ہے اسے ویسا ہی ملتا ہے۔ توقع کریں کہ ہر آنے والا دن آپ کے لیے بہترین ہے اور انشاء اللہ ایسا ہوگا بھی ،ہر صبح آئینے میں خود کو دیکھ کر اونچی آواز میں کہیں کہ آج کے دن میں یقیناً میرے لیے کچھ اچھا موجود ہے۔
جو اختیار میں نہیں اس کی فکر چھوڑدیں
کچھ چیزیں انسان کے اختیار میں ہوتی ہیں جب کہ کچھ نہیں ہوتی ، حاصل اور لاحاصل چیزوں کے درمیان فرق کرنا سیکھیں اور جو چیزین رویے یا حالات آپ کے کنٹرول میں نہیں ان کے لیے فکر مند ہونا چھوڑدیں، جذباتی طور پر خود کو اس قدر نہ الجھائیں کہ یہ الجھن آپ کی کارکردگی کو مفلوج کردے، حالات ہمیشہ عمدہ یا آپ کے حق میں نہیں ہوسکتے لیکن مطمئن رہیں کہ جلد ہی آپ برے حالات پر قابو پالیں گےاور تیزی سے اپنی کامیابی کی جانب گامزن ہوں گے۔ یقین رکھیں کہ صرف آپ ہی ہیں جو اپنے عمل اور رد عمل دونوں کو قابو میں کرسکتے ہیں۔
مثبت سنیں اور مثبت پڑھیں
مثبت اور متاثر کن معلومات سے بھر ادماغ بھی انسان کو موٹیویٹ رکھنے کا باعث بنتا ہے، آپ کو خود کو بار بار یہ یاددہا نی کروانے کی ضرورت ہے کہ آپ کامیابی کے قابل ہیں۔ آج ہی کسی بک اسٹور یا لائبریری کا رخ کیجیے اور مطالعہ کے لیے ایسی کتاب تلاش کیجیے جو آپ کی حوصلہ افزائی میں اضافے کا سبب بن سکے۔
فکشن کتابیں مختلف شخصیات کو سمجھنے کے لیے زبردست اور زندگی کو ایک نئے زاویے سے دیکھنے کا موقع دیتی ہیں۔ لاکھوں مایوس لوگوں کی زندگیوں میں امید اور حوصلے کے چراغ روشن کرنے میں حوصلہ افزا کتابوں کا عمل دخل ثابت ہے۔
مثبت سوچ کے مالک افراد کی صحبت
منفی سوچ رکھنے والے افراد کا ساتھ اور ان سے گفتگو بھی آپ کومقاصد سے پیچھے ہٹاسکتی ہے۔ مثبت لوگوں کی تلاش جاری رکھیں اور کسی بھی منفی گفتگو کا حصہ نہ بنیں لیکن اس کے باوجود اگر آپ کبھی خود کسی ایسی منفی گفتگو کا حصہ بن بھی جائیں تو اسے نتیجہ خیز بنانے لیے موضوع گفتگو تبدیل کرنے کی کوشش کریں۔
کامیاب اور مثبت سوچ کے حامل افراد کےساتھ وقت گزاریں ،اگر آپ کو اچھی منزل یا برے دوستوں میں سے انتخاب کرنا پڑے تو اچھی منزل کو چنیں۔ اچھے لوگ منزل کے حصول میں مدد گار ثابت ہوں گے جبکہ برے دوست اس میں رکاوٹ بنیں گے۔
مثبت لفظوں کا استعمال
الفاظ جادوئی تاثیر رکھتے ہیں ،آپ کے ارد گرد کیا ہورہا ہےاس سے قطع نظر جن حالات کے قیام کے آپ خواہشمند ہیں ان سے متعلق اونچی آوازاور واضح انداز میں گفتگو کریں۔ دوسری جانب جو ہورہا ہے اور جس کی آپ خواہش کرتے ہیں اس سے متعلق لکھنا بھی شروع کریں اور جب بھی کبھی فارغ ہوں اس تحریرکو نکال کر پڑھنا شروع کریں، یہ مشورہ بھی آپ کو برے حالات میں حوصلہ مند رکھنے میں مدد دے گا۔
غلطیوں کیجیے مگر سیکھیے بھی
غلطیاں سب کرتے ہیں لیکن ان غلطیوں سے سیکھنا اور آگے بڑھنا اصل کامیابی ہے ۔ماضی میں ہر وہ غلطی جو آپ سے سرزد ہوئی ہے اس کاتجزیہ کریں اور جاننے کی کوشش کریں کہ کس طرح آپ ان حالات کو بہتر بناسکتے تھے؟ممکنہ حل اور نتائج بھی تحریر کریں تاکہ خدانخواستہ مستقبل میں جب بھی آپ کو کسی ایسی مشکل کا سامنا کرنا پڑے تو آپ ذہنی طور پر اس سے نمٹنے کے بہترین طریقوں سے آگاہ ہوں۔
منصوبہ بنائیں
ایک مشہور قول ہے ’’اگر آپ منصوبہ بنانے میں ناکام ہیں توسمجھ لیں آپ ناکام ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں، جب آپ کسی منصوبہ بندی کی جانب بڑھتے ہیں تو آپ شروع سے آخر تک خود کو اپنے تمام اعمال سے متعلق سوچنے کی اجازت دیتے ہیں، یہ عمل نت نئے آئیڈیاز اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کا سبب بن سکتا ہے۔
اپنے مستقبل سے متعلق تحریری منصوبہ بندی کریں اور آج سے ہی اس حوالے سے متحرک ہوجائیں۔ اگر آپ کی زندگی میں کوئی مقصد ہے تو پھر فور ا اپنی چیزوں کو تحریر کریں ان سے متعلق منصوبہ بندی کریں اور ان پر عمل کرنا شروع کر دیں پھر بیرونی موٹیویشن اور اندرونی موٹیویشن میں بدل جائے گی۔