اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے صوبۂ خیبر پختون خوا کے وزیرِ اعلیٰ محمود خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد آئندہ چند روز میں جمع کروائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں متحدہ اپوزیشن کا اجلاس قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین، سابق صدر آصف علی زرداری، اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، یوسف رضا گیلانی، سلیم مانڈوی والا اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے شرکت کی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اپوزیشن قیادت نے اجلاس کے دوران وزیرِ اعلیٰ کے پی کے محمود خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد تیار کرنے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی نے اپوزیشن کو تحریکِ انصاف کے 45 ایم پی ایز کی حمایت حاصل ہونے کی یقین دہانی کروا دی۔
پیپلز پارٹی رہنماؤں کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کا بڑا گروپ پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کو تیار ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کا 4 رکنی پارلیمانی گروپ پہلے ہی حکومت سے علیحدگی اختیار کر چکا ہے۔