• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک فون پر ساری اپوزیشن نوے کی ڈگری پر لیٹ گئی: شیخ رشید

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ذمے داروں کے ایک فون پر ساری اپوزیشن نوے کی ڈگری پر لیٹ گئی۔

پریس کانفرنس میں وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ سیاست گرم ہے، ساری سیاست ٹی وی پر ہو رہی ہے، بہت سارے لوگ شور مچا رہے ہیں، بلاول کے دودھ کے دانت بھی نہیں نکلے، وزیرِ اعظم عمران خان کی سیاسی میٹنگ میں جانا ہے، بلاول کہتے ہیں کہ وہ دھرنا دیں گے، اپنی شکل تو دیکھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جوکچھ سندھ ہاؤس میں ہوا اس کی مذمت کرتا ہوں، کسی شخص کوووٹ ڈالنے کے راستے میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، عمران خان کے جلسے کے دن اپوزیشن بھی پہنچےگی، عمران خان اور اپوزیشن کے جلسے کے انتظامات کریں گے، جلسوں کے لیے دونوں اپنی اپنی جگہ کا انتخاب کریں۔

شیخ رشید نے کہا کہ اگر ایم این ایز کو مال مل رہا ہے تو مال لے لو اور واپس آ جاؤ، کل بھی سیاسی کمیٹی میں کہا کہ پاکستان اور جمہوریت کو آگے لے کر جائیں، جو ایم این اے ہم سے خفا ہو گئے ہیں وہ واپس آ جائیں، یہ دھمکیاں دے رہے ہیں اور سفیروں کو فکر ہے کہ ان کے وزرائے خارجہ پاکستان آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا حلقہ میرے ساتھ اور میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، عمران خان 27 مارچ کے جلسے سے واپس نہیں ہو رہے، وہ جلسہ کریں گے، اس جلسے میں جاؤں گا اور تقریر بھی کروں گا، جلسے کے بعد نفری کی مزید ضرورت پڑی تو بلوائیں گے۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ شہباز شریف آپ بھی 27 مارچ کو جلسہ کر لیں، اگر تصادم ہوا تو آپ پر کیس ہوں گے، سارے راستے میں آپ کو نہیں روکیں گے، اللّٰہ کو منظور ہوا تو اتحادی واپس آ جائیں گے اور کچھ ناراض اراکین بھی، دروازے توڑنا غلط بات ہے، بطور وزیرِ داخلہ اس کی مذمت کرتا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ 22 سفیروں نے رابطہ کیا، ان کو کہا کہ دھمکیاں دینے والوں کا باپ بھی او آئی سی کو نہیں روک سکتا، میری کمٹنٹ عمران خان کے ساتھ ہے، جو او آئی سی کو ناکام کرنے کی کوشش کرے گا وہ سامراجی ایجنٹ ہے، اگر کسی میں ہمت ہے، کوئی مائی کا لال ہے تو او آئی سی کانفرنس میں مداخلت کر کے بتائے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا ایک لیڈر بچہ اور دوسرا سینئر سٹیزن کہہ رہے ہیں او آئی سی اجلاس نہیں ہونے دیں گے، مجھے توقع ہے کہ اتحادی واپس آئیں گے، ناراض لوگوں کا کچھ حصہ واپس آئے گا، جلسے میں آنے والوں کو کہیں سے کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی، لاہور سے لے کر جلسہ گاہ تک کسی کو نہیں روکیں گے، سیکیورٹی کے انتظامات کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہا کہ سندھ ہاؤس میں دروازے توڑ کر اندر داخل ہونےکی مذمت کرتا ہوں، مائنس ون کوئی نہیں ہوتا، عمران خان مائنس ہو جائے تو پیچھے کون ہے، میں پلس ون کے ساتھ ہوں، اس کا نام ہے عمران خان۔

قومی خبریں سے مزید