• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم لیگ ن آسٹریا کا قیام عمل میں آگیا، مسلم لیگ کے منشور ووٹ کو عزت دو کو لیکر آگے چلیں گے، چوہدری علی شرافت

ویانا(اکرم باجوہ) پاکستان مسلم لیگ ن آسٹریا میں قیام عمل میں آگیا ۔ نومنتخب صدر علی شرافت کی زیر صدارت اجلاس میں نواز شریف پرمکمل اعتماد کا اظہارکیا گیا ۔ پاکستان مسلم لیگ ن اوورسیز کے صدر سینیٹر اسحاق ڈار کی جانب سے گزشتہ دنوں آسٹریا میں مسلم لیگ ن کے عہدیداران کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں مختلف عہدیداران کو نامزد کیا گیا۔پاکستان مسلم لیگ ن آسٹریا کا پہلا اجلاس صدر چوہدری علی شرافت کی زیر صدارت 10 ڈسٹرکٹ ویانا کے مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد کیا گیا۔جس میں چیئرمین اختر بیگ،نائب چیئرمین حاجی غلام اظہر، جنرل سیکرٹری حاجی میاں محمد اعظم،ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمر خطاب خان،ڈپٹی سیکرٹری رانا محمد سرور ،ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری کاشف علی نے شرکت کی ۔اجلاس میں صدر چوہدری علی شرافت نے کہا کہ دیار غیر میں ہر پاکستانی وطن عزیز کا سفیر ہے، ہمیں مل جل کر پاکستان کے وقار اور سربلندی کے لیے کام کرنا ہے، انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اوورسیز کے صدر اسحاق ڈار اور انکی ٹیم نے جو آسٹریا میں ہمیں ذمہ داریاں سونپی ہیں، ہم سب مل کر اس ذمہ داری کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور مسلم لیگ ن کے منشور ووٹ کو عزت دو کو آگے لیکر چلیں گے اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف ،صدر میاں محمد شہباز شریف اور انکی پوری ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور ہم سب ہمہ وقت میاں محمد نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آج پاکستان جس بحران میں ہے، اسکو صرف میاں محمد نواز شریف اور شہباز شریف ہی اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر نکال سکتے ہیں ۔چیئرمین اختر بیگ نے کہا کہ آج کل پاکستان میں پی ٹی آئی نے سیاست کو گالی گلوچ کا کلچر دیا ہے، وہ صحیح نہیں ہے، حکمران ایک سرپرست کا کردار ادا کرتا ہے مگر بدقسمتی سے موجودہ حکمرانوں نے اپوزیشن اور حکومت کا فرق ہی ختم کر دیا ہے ۔جنرل سیکرٹری حاجی میاں محمد اعظم اور نائب چیئرمین حاجی غلام اظہر نے کہا کہ مسلم لیگ ن اوورسیزنے ہم پر جو اعتماد کیا ہے اس پر ہم مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ ن کے منشور کے ساتھ ہیں، پاکستان میں جو سیاسی بحران ہے اسکو صرف میاں محمد نواز شریف اور شہباز شریف کی ٹیم ہی نکال سکتی ہے۔اجلاس میں چیف کوآرڈی نیٹر انٹر نیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک نے بھی عہدیداران سے ٹیلی فون پر بات کی اور پاکستان مسلم لیگ ن آسٹریا کے نئے عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔

یورپ سے سے مزید